2 مئی 2016
وقت اشاعت: 13:3
پاکستان انڈونیشیا اور برازیل کی راہ پرگامزن ہے:امریکی جریدہ
جیو نیوز - نیویارک......رفیق مانگٹ......امریکی جریدے ’فوربز‘ نے اپنی رپورٹ میں کہاہے کہ پالیسیوں اور سرمایہ کاری میں پیش رفت کے تسلسل نے پاکستان کو انڈونیشیا یا برازیل کی راہ پر ڈال دیا ہے۔
جریدےکاکہناہےکہ عالمی ذرائع ابلاغ نے پاکستان کو انتہائی غریب ملک کے برانڈ کے طور پر پیش کیا مگر پاکستان میں کئی مثبت اقدامات ہوئے جنہیں تسلیم کیا جانا چاہیے۔
جریدےکےمطابق پاکستان میں 2013 میں پہلی پرامن جمہوری تبدیلی ہوئی ، اور اب فوج، سویلین حکومت اور سول سوسائٹی سیکورٹی کے مسائل پر ایک دوسرے کے ساتھ ہم قدم ہے،پاکستان کی معیشت کئی سالوں سے ترقی کی منازل طے کررہی ہےاور پاکستان اپنی70 سالہ تاریخ میں پہلی بارآئی ایم ایف کے پروگرام کو مکمل کرنے کے راستے پر گامزن ہے۔
جریدےکاکہناہےکہ پاکستان کو ہمیشہ عالمی برادری نے افغانستان کے ساتھ تعلقات’افپاک‘ یا بھارت کے ساتھ تعلقات ’انڈوپاک‘ کے زاویے سے ہی دیکھا لیکن ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کے تناظر میں پاکستان کو مکمل طور پر بیان نہیں کیا جا سکتا۔
کوئلے کے وسیع ذخائر اور ہمالیہ سے بہتے پانی تک رسائی پاکستان کو’کوئلے کا سعودی عرب‘ یا ’ہائیڈرو پاور کا سعودی عرب‘ میں تبدیل کر سکتی ہے، تاہم 2050 تک موجودہ رجحانات جاری رہے توپاکستان کے مقابلے میں بھارت کی معیشت 40 گنا اور چین کی معیشت 100 گنا بڑی ہوگی۔
امریکا اور پاکستان دونوں کے مفاد میں ہے کہ پاکستان تیزی سے آگے بڑھے، اس بات پرزوردیاگیاہےکہ پاکستا ن کی ترقی کے فروغ میں امریکا کی اعلیٰ تعلیمی شراکت داری اہم کردار اد کرسکتی ہے۔