تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
6 جون 2011
وقت اشاعت: 10:39

امریکہ نےافغانستان میں سپلائی کیلئےپاکستان پرانحصارکم کردیا

اے آر وائی - نیویارک: امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ نے افغانستان میں سپلائی کے لیے پاکستان پر انحصار کم کردیا ہے جبکہ بھارت کے ساتھ امریکی محور کو مضبوط بنایا جارہا ہے۔ افغانستان سے امریکی انخلا کے بعد پاکستان اور امریکا کے درمیان زیادہ فاصلے پیدا ہو سکتے ہیں اور یہ صورت حال واشنگٹن اور نئی دہلی کے درمیان بہت قریبی تعلقات پیدا کر سکتی ہے ۔اخبار کے مطابق اسلام آباد نے واضح اشارہ دیا ہے کہ اس نے دیگر ممالک اور لوگوں کی طرف دیکھنا شروع کردیا ہے۔



امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق اسامہ کی ہلاکت کے بعد وائٹ ہاوس نے افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا پر تیزی سے کام شروع کردیا ہے۔واشنگٹن میں یہ سوچ پختہ ہو گئی ہے کہ امریکا اور پاکستان کے تعلقات مزید مضبوط نہیں رہیں گے ۔گزشتہ ایک دہائی سے قائم الجھے ہوئے تعلقات کا از سر نو جائزہ لینے کی اب ضرورت ہے۔اب میدان میں کھیل کی نئی چالیں ہیں۔سرد جنگ کے بعد کئی دہائیوں تک سوویت یونین کے پھیلاوٴ کے خدشے نے امریکا اور پاکستان کو جوڑے رکھا۔ جب وہ خدشات گزر گئے تو ان دونوں ممالک کے درمیان تعلق ختم ہوگیا۔



اسی طرح افغانستان سے امریکی انخلا کے بعد پاکستان اور امریکا کے درمیان زیادہ فاصلے پید اہو سکتے ہیں جبکہ واشنگٹن اور نئی دہلی میں تعلقات مزید استوار ہوسکتے ہیں۔ اخبار کے مطابق سابق سی آئی اے عہدے داربروس ریڈل کا کہنا ہے کہ امریکا نے افغانستان میں سپلائی کے لیے پاکستان پر انحصار کم کردیا ہے۔بھارت کے ساتھ امریکی محور کو مضبوط بنایا جارہا ہے۔ اگر امریکا اور بھارت قریب آگئے تو پھر اسلام آباد قدرتی طور پر چین اور سعودی عرب کے قریب جائے گا۔افغانستان میں جنگ کے خاتمے پر پاکستان کے ساتھ امریکی تعلقات تبدیل ہو سکتے ہیں۔



اخبار کے مطابق امریکا کے پاکستان کے ساتھ تشویشناک تعلقات ایک طویل عرصے سے پیشہ ورانہ کشتی کی طرح ہیں۔حالیہ ہفتوں میں امریکا کے ساتھ تعلقات میں تناوٴکے بعد پاکستانی حکام نے ایشیا میں امریکا کے سب سے بڑے حریف چین کے ساتھ قربتیں بڑھائیں۔ایبٹ آباد واقعے کے فوری بعد پاکستانی حکام نے بیجنگ کا سفر کیا اور اپنے چینی بھائیوں سے کہا ہے کہ بحیرہ عرب پرا سٹریٹجک بندرگاہ کو آپریٹ کریں۔



انہوں نے کہا کہ چین کی بحریہ کے لیے دونوں ممالک پاکستان میں تیل کی پائپ لائنوں، ریلوے لائنیں اورفوجی اڈے قائم کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔پاکستانی حکام پہلے ہی افغانستان کو مشورہ دے چکے تھے کہ وہ امریکا کی بجائے چین کے ساتھ تعلقات بنائیں۔ ادھر واشنگٹن پوسٹ کے مطابق پاکستان چین کا اہم اتحادی ہے اگر امریکا نے ساتھ چھوڑا تو چین پاکستان کی معاشی مدد بھی کرسکتا ہے ۔

یہ متن رومن اردو میں پڑھیںYe Matan/Text Roman Urdu Mein Parhein
متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.