تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
24 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 17:4

چرچ پر حملے سے پاکستان کی عالمی ساکھ بری طرح متاثر ہوئی، جنید فہمی

جیو نیوز - شکاگو…پشاور میں چرچ پر ہونے والے خودکش حملوں کی مذمت اور دکھ کی گھڑی میں مسیحی برادری سے اظہار یکجہتی کے لئے ایم کیو ایم امریکہ کی سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کا تعزیتی اجلاس ہوا۔جس میں سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی، جوائنٹ آرگنائزرز محمد ارشد حسین اور ندیم صدیقی سمیت اراکین وسیم زیدی، ثاقب محی الدین، توصیف خان، عامر قاضی، اسد صدیقی، گل محمد، علی حسن اور محمد ظہیر نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جنید فہمی نے پشاور میں چرچ کو دہشت گرد حملے کا نشانہ بنائے جانے کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور دھشت گردی کی اس سفاکانہ کاروائی میں معصوم انسانی جانوں کے ضیاع پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔انھوں نے کہا کہ آج انتہا پسندوں اور کالعدم تنظیموں کے ہاتھوں پاکستان میں بسنے والی اقلیتیں بھی محفوظ نہیں اور مسیحی برادری اور ان کی عبادت گاہ کو نشانہ بنانا دراصل عالمی برادری میں پاکستان کی ساکھ کو متاثر کرنے کی گھناؤنی سازش ہے، حکومت پاکستان کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش کے جواب میں ہمارے فوجی جرنیلوں، سپاہیوں کو شہید کیا جارہا ہے اور اب پشاورمیں چرچ پر ہونے والے حملے نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ امن کا حصول ان دہشت گردوں کا ایجنڈانہیں بلکہ یہ طاقت کے زور پر پاکستان کی ریاست کو زیر کرنا چاہتے ہیں۔ محمد ارشد حسین اور ندیم صدیقینے کہا کہ ایم کیو ایم کے ذمہ داران، کارکنان اور ہمدرد مشکل کی اس گھڑی میں مسیحی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ قائد تحریک الطاف حسین اور ایم کیو ایم نے پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق اور تحفظ کے لئے ہمیشہ آوازبلند کی ہے اور آج بھی پاکستان کو قائد اعظم کی تعبیر کے مطابق لبرل اور پروگریسو مملکت بنانے کے لئے کوشاں ہے۔ آخر میں اجلاس کے شرکاء نے سانحہ پشاور میں جاں بحق ہونے والوں کے لئے دعا کی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے خصوصی دعا کی گئی ،جبکہ ایم کیو ایم امریکہ کی جانب سے مسیحی برادری کو تعاون اور مدد کی یقین دہانی بھی کرائی گئی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.