بے خوابی

نیند نہ آنے کی تکلیف کا ایک مؤثر علاج یہ بھی ہے کہ سونے سے پہلے نیم گرم پانی سے غسل کیا جائے۔ جن کے ہاں ٹب لگے ہوں، وہ اس میں پانی بھر کر 10 منٹ اس میں گزار دیں اور گہری نیند کے مزے لوٹیں۔ انگلستان کی لوبرو یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق جسم کے درجہ حرارت میں ایک فیصد اضافے سے گہری نیند آتی ہے، کیونکہ اس گرم غسل سے دماغ میں ایک ایسا کیمیائی مادہ تیار ہونے لگتا ہے جس سے گہری نیند آجاتی ہے۔
احتیاط:
اس سلسلے میں یہ ضروری ہے کہ سخت جسمانی محنت کے بعد گرم پانی سے غسل نہ کیا جائے۔ جب پسینہ سوکھ جائے، گرم غسل کریں۔ دوسری احتیاط یہ رکھیں کہ بلڈ پریشر کی دوائیں استعمال کرنے والے ایسے غسل کے سلسلے میں اپنے معالج سے ضرور مشورہ کریں۔ اس طرح قلب کے مریضوں کو بھی دیر تک گرم پانی میں رہنے کے سلسلے میں معالج سے ضرور مشورہ کر لینا چاہیئے۔ ویسے یہ غسل بالعموم بہت مفید ثابت ہوتا ہے۔

Posted on Dec 28, 2010