آپ کا جسم

پیارے بچو! پچھلی دفعہ آپ نے اپنے جسم کے بارے میں کچھ بنیادی معلومات حاصل کیں تھیں۔ اس مرتبہ ہم آپ کی معلومات میں مزید اضافے کرنے کے لیے جسم سے متلعق کچھ اور باتیں بتارہے ہیں جن کے بارے میں جاننا آپ کے لیے یقیناً اہم اور دلچسپ ہوگا۔
پٹھے (Muscles)
بچو، جیسا کہ ہم نے پہلے بتایا تھا کہ آپ کا جسم ہڈیوں، کھال اور عضلات، یعنی پٹھوں جیسی اندرونی اور بیرونی چیزوں سے مل کر بنا ہے، ان میں سے "ہڈیوں"(bones) اور "کھال" (Skin) کے بارے میں آپ پہلے ہی جان چکے ہیں۔ اب آئیے ذرا "پٹھوں" کی بات ہوجائے۔ پٹھوں کو انگریزی میں "مسلز" (Muscles) کہا جاتا ہے۔
پٹھے آپ کے ڈھانچے(Skeleten) کو آپ کی مرضی کے مطابق آگے پیچھے، دائیں، بائیں اور اوپر نیچے، یعنی ہر طرح حرکت کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ البتہ کچھ پٹھے ایسے بھی ہیں، جو آپ کی مرضی کے بغیر ہر وقت حرکت کرتے رہتے ہیں، مثلاً آپ کا دل۔ جی ہاں۔ دل بھی دراصل ایک پٹھہ ہی ہے جو آپ کی پوری زندگی میں ہر وقت خودبخود کام کرتا رہتا ہے۔ جبکہ دوسرے پٹھے صرف اُسی وقت کام کرتے ہیں، جپ آپ ان سے کام لینا چاہیں۔ جیسے کہ کسی چیز کو پکڑنے یا گیند کو اچھال کر دور پھینکنے کے لیے آپ اپنے ہاتھ کو حرکت دیتے ہیں۔ یہ حرکت پٹھوں کی وجہ سے، اور صرف اسی وقت ہوتی ہے جب آپ خود ایسا کرنا چاہیں۔ آپ کے پورے جسم میں پٹھوں کا جال بچھا ہوا ہے۔ آپ کے چہرے میں 30 پٹھے ہوتے ہیں، جبکہ سب سے بڑے پٹھے آپ کی پشت پر کمر کے نچلے حصے میں ہوتے ہیں۔ او بچو، آپ کی آنکھوں میں جو پٹھے ہیں، وہ دن میں کم از کم ایک لاکھ مرتبہ حرکت کرتے ہیں۔ اسی طرح پٹھہ جسے "دل" کہا جاتا ہے، ایک منٹ میں کے دوران تقریباً 70 دفعہ ایک مخصوص حرکت کرتا ہے۔ اس حرکت کو "دل کی دھڑکن" یا Heart beat" کہتے ہیں۔
دل کیا چیز ہے ؟
بچو! دل، آپ کے جسم میں خون کی گردش کے نظام کا سب سے اہم اور مرکزی عضو(Organ) ہے۔ دل کا سب سے بڑا کام، جو کہ نہایت اہم بھی ہے، شریانوں اور وریدوں کے ذریعے آپ کے جسم کے ایک ایک حصے میں خون پہنچانا ہے۔ خون میں آکسیجن، ہضم شدہ خوراک اور ہارمونز وغیرہ شامل ہوتے ہیں جو جسم کے خلیات کو زندہ رکھتے ہیں۔ خون کے ذریعے ہی خلیات سے کاربن ڈائی آکسائیڈ اور فاضل مواد باہر نکلتا ہے۔ آپ کے دل میں چار خانے ہوتے ہیں۔ اوپر والے خانے کو "Artiums" کہا جاتا ہے۔ ان میں سے ایک خانہ دائیں اور دوسرا بائیں طرف ہوتا ہے۔ جسم سے آنے والا خون، ان ہی دو خانوں کے ذریعے دل میں داخل ہوتا ہے۔ دل کے دو نچلے خانوں کو انگریزی میں "Ventricles" کہتے ہیں جو اوپر والے خانوں(Artiums) کی طرح دائیں اور بائیں طرف ہوتے ہیں۔ دل کے یہ دو خانے اوپر سے آنے والے خون کو دوبارہ جسم میں واپس بھیج دیتے ہیں۔ یعنی آپ کے دل میں ایٹریمز کے ذریعے ایک طرف سے خون داخل ہوتا ہے اور وینٹڑیکلز کے ذریعے دوسری طرف سے باہر نکل جاتا ہے۔
آپ کو پتہ ہے؟
جب آپ سورہے ہوں یا آرام کررہے ہوں تو دل کے دھڑکنے کی رفتار کم ہوجاتی ہے اور جب آپ کھیل کود اور ورزش کررہے ہوں، یا خوف زدہ ہو تو دل کی دھڑکن تیز ہوجاتی ہے۔ آپ کا دل ایک دن میں تقریباً ایک لاکھ بار ڈھڑکتا ہے، جبکہ ایک سال میں تین کڑور بار، اور اوسطاً 70 برس کی زندگی میں یہ ڈھائی ارب مرتبہ دھڑکتا ہے۔

Posted on Mar 28, 2011