ہاتھی کہاں پائے جاتے ہیں

بچو! آپ نے چڑیا گھر میں ہاتھی تو دیکھے ہی ہوں گے مگر شاید آپ کو یہ نہیں معلوم ہوگا کہ ہاتھی کن ملکوں کے جنگلات میں پائے جاتے ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ قدیم زمانے میں دوسرے جانور کی نسبت زمین پر زیادہ تعداد میں ہاتھی تھے۔ ہزاروں سال پہلے ہاتھیوں کی طرح اور مخلوق بھی ہوا کرتی تھی جن کی جسامت کبھی کبھی ہاتھیوں سے بھی زیادہ ہوتی تھی مگرپھر وقت کے ساتھ ساتھ آب و ہوا میں رونما ہونے والی تبدیلیوں اور خوراک کی کمی بیشی کے باعث ان جانوروں کی اقسام ختم ہوتی چلی گئیں حتیٰ کہ اب ان جسیم اقسام میں صرف ایشیائی اور افریقی ہاتھی باقی بچے ہیں اور اب یہ افریقہ اور ایشا کے جنگلات میں ہی ملتے ہیں۔
ہاتھی نہ صرف خشکی کا سب سے بڑا اور وزنی جانو ہے بلکہ اپنی بہت سی خصوصیات کی وجہ سے بے حد دلچسپ بھی ہے۔ یہ بہت نرم مزاج، شریف اور ذہین جانور ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسے دوسرے جانوروں کی نسبت سدھانا بہت آسان ہے۔ ہاتھی کے جسم کا سب سے شاندار اور حیرت انگیز حصہ اس کی سونڈ ہے۔ یہ ناک اور اوپری ہونٹ کا بڑھا ہوا حصہ ہے جو ہاتھی کے لیے ایک ہی وقت میں ہاتھ، بازو، ناک اور ہونٹوں کا کام دیتا ہے۔ ہاتھی کی سونڈ میں تقریباً چالیس ہزار عضلات پائے جاتے ہیں۔

Posted on Jun 26, 2012