مجھ سے ملئیے

میں ہوں آپ کا دل، میں چھوٹا ضرور سہی مگر کمزور نہیں ہوں۔ دعا کریں کہ میں چھوٹا ہی رہوں کیونکہ میرا بڑا ہونا آپ کے لیے تکلیف دہ ہوسکتا ہے۔ میں دوسری اور ساتویں پسلی کے درمیان قدرے بائیں جانب قیام پذیر ہوں، میرے دونوں طرف پھیپھڑے ہیں۔ میری ایک دھڑکن پانچ سو کلومیٹر لمبے راستے پر خون دوڑا دیتی ہے۔ مجھ میں کوئی ہڈی نہیں اور میں اندر سے کھوکھلا ہوں، لیکن میں پھر بھی مضبوط ہوں۔ میرا رنگ گہرا سرخ ہے۔ عام آدمی میں میرا وزن تقریباً ڈیڑھ پاؤ کے لگ بھگ ہوتا ہے۔ میرے اندر چار خانے ہیں، جو باری باری پھیلتے اور سکڑتے ہیں۔

آپ کے جسم کا ہر حصہ کسی نہ کسی وقت آرام ضرور کرتا ہے۔ جب آپ رات کو سورہے ہوتے ہیں تو آپ کا دماغ آرام کرتا ہے۔ خوراک ہضم کرنے کے بعد آپ کا معدہ آرام کرتا ہے لیکن میں بالکل آرام نہیں کرتا۔ اگر میں آرام کرنے لگوں تو آپ کی زندگی ہمیشہ کے لیے آپ سے روٹھ جائے گی۔ عام آدمی میں ایک منٹ میں اوسطاً 72 مرتبہ دھڑکتا ہوں۔ بچوں میں میری رفتار زیادہ ہوتی ہے۔ آپ کا موٹاپا میرے لیے بہت خطرناک ہے، اس سے میرے دورے پڑنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں اور میرا دورہ آپ کی جان بھی لے سکتا ہے۔ لہٰذا آپ روزانہ تین کلومیٹر پیدل ضرور چلا کریں۔

کل آپ کا ایک دوست کہہ رہا تھا کہ بڑے "دل گردے" کی بات ہے، بھلا اس کام سے ہمارا کیا تعلق۔ گردے بیچارے کا کام تو آپ کے خون سے گندے اور بیکار مادوں کو فلٹر کرنا اور میرا کام تو آپ کے جسم میں خون دوڑانا ہے۔
اکثر لوگ کہتے ہیں کہ میرا دل بہت اُداس ہے۔ آپ کو کیسے پتہ چلا کہ میں اداس ہوں۔ بھئی اداسی کے ساتھ میرا کوئی تعلق نہیں۔ آپ بعض اوقات یہ بھی کہہ دیتے ہیں کہ میرا دل کمزور ہے۔ میں کمزور نہیں، اصل میں مجھے لڑائی پسند نہیں، اگر میں کمزور ہوگیا تو آپ بات کرنے کے قابل بھی نہیں رہیں گے۔

Posted on May 05, 2011