سیٹلائٹ فون کیا ہے؟

پیارے بچو! پچھلی بار ہم نے آپ کو سیل فونز کے بارے میں کچھ بنیادی اور اہم باتیں بتائی تھیں، جنہیں جان کر یقیناً آپ کی معلومات میں اضافہ ہوا ہوگا۔ آئیے اب مواصلاتی ٹیکنالوجی کے ایک اور شاہکار"سیٹلائٹ فون" کے بارے میں کچھ جانتے ہیں
موبائل یا سیل فونز کے برعکس، سیٹلائٹ فونز میں ایک مختلف ٹیکنالوجی استعمال ہوتی ہے۔ لینڈ لائن فون کی طرح زمین میں بچھے تاروں، یا موبائل کی طرح سیلولرنیٹ ورکس پر انحصار کرنے کے بجائے سیٹلائٹ فونز فضاء میں انتہائی بلندی پر گردش کرتے ہوئے مواصلاتی سیاروں(Communication satelite) کے ذریعے کام کرتے ہیں۔ یعنی آپ کے سیٹلائٹ فون کو پیغام بھیجنے یا وصول کرنے والے سگنلز فضاء میں موجود مواصلاتی سیارے سے ملتے ہیں اور آپ اس کی مدد سے دنیا کے کسی بھی حصے سے، کسی بھی فون پر رابطہ کرسکتے ہیں۔
یہ کیسے کام کرتے ہیں؟
کسی بھی سیٹلائٹ فون سے کی جانے والی کال کے سگنلز پہلے کالر کی متعلقہ کمپنی کے سیٹلائٹ پر جاتے ہیں، وہ سیٹلائٹ اس کال کو وصول کرکے زمین پر موجود اسٹینشن(جسے گیٹ وے کہا جاتا ہے) پر بھیج دیتا ہے اور وہاں سے اس کال کو مطلوبہ فون نمبر پر منتقل کردیا جاتا ہے۔ اسی طرح اس فون سے واپس آنے والے سگنلز کو گیٹ وے کے ذریعے پہلے فضاء میں سیٹلائٹ پر، اور پھر وہاں سے اُسی سیٹلائٹ فون تک واپس بھیج دیا جاتا ہے، جہاں سے کال کی گئی تھی۔ یوں سیٹلائٹ فون اوراس کے مطلوبہ فون نمبر کے درمیان دوطرفہ رابطہ قائم ہوجاتا ہے۔
سیٹلائٹ فون کی ٹیکنالوجی خاص طور پر غیرمعمولی ہنگامی حالات، مثلاً جنگ اور قدرتی آفات وغیرہ میں دنیا سے رابطے کا نہایت کارآمد اور اہم ترین ذریعہ ثابت ہوتی ہے، کیونکہ ایسے حالات میں ٹیلی مواصلات کا زمینی نظام(لینڈ لائنز اور سیلولرٹاورز وغیرہ) تباہ ہوجاتا ہے۔
وائرلیس فیڈیلیٹی(wi-fi) یا براڈ بینڈ سروس
بچو! ٹیلی مواصلات کا ایک اور جدید ذریعہ بھی ہے جسے Wirless wi-fi Fidelity یا براڈ بینڈ Broad band سروس کہا جاتا ہے۔ وائی فائی ٹیکنالوجی میں کم طاقت والے مائیکرو ویو ریڈیو سگنلز کا استعمال ہوتا ہے۔ یہ سگنلز ایک مخصوص برقیاتی ترتیب یعنی فریکوئنسی میں سفرکرتے ہوئے وائرلیس نیٹ ورک کارڈ یا ہب ڈیوائس تک پہنچتے ہیں اور دوسری فریکوئنسی میں سفر کرتے ہوئے وہاں سے واپس آتے ہیں۔ ان سگنلز کے ذریعے ایک کمپیوٹر کو دوسرے کمپیوٹر یا انٹرنیٹ کے ساتھ منسلک کیا جاسکتا ہے۔ اس سسٹم کا فائدہ یہ ہے کہ کمپیوٹر کو کسی الیکٹریکل یا ٹیلی فون کیبل لائن کے ساتھ جوڑنے کی ضرورت نہیں پڑتی اور آپ اپنے لیپ ٹاپ کمپیوٹر کو کسی بھی تار سے منسلک کئے بغیر، اس پر کام کرتے ہوئے بہ آسانی ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جاسکتے ہیں۔

Posted on Mar 28, 2011