سیل فون چھوٹی سی چیز، بہت بڑے کام

پیارے بچو! آپ ایک جدید زمانے میں زندگی گزا رہے ہیں۔ یہ ایک ایسا زمانہ ہے، جو پچھلے زمانوں سے بہت مختلف اور تیزرفتار ہے۔ اب زندگی بہت تیز ہوگئی ہے اور اس کی رفتار دن بدن تیزسے تیز تر ہوتی جارہی ہے۔ ہر روز ایک نئی ایجاد ہورہی ہے، جس سے زندگی کے ہر شعبے میں آپ کی مشکلات کم سے کم تر ہوتی جارہی ہیں۔ اب بے شمار ایسی چیزیں آپ کے لیے کسی کام کی نہیں رہیں جو پہلے کبھی بہت اہم ہوا کرتی تھیں، اب ان کی جگہ دوسری ایسی چیزوں نے لے لی ہے، جن کے بارے میں پہلے تصور بھی نہیں کیا جاسکتا تھا۔ یہ سب "ٹیکنالوجی" کا کمال ہے جس نے ہماری زندگی گزارنے کے طور طریقوں، ہماری عادتوں، ضرورتوں اور ترجیحات کو یکسر بدل کے رکھ دیا ہے۔ تو پھر کیوں نہ آج کچھ باتیں "ٹیکنالوجی" کے بارے میں ہی ہوجائیں۔
بچو! آپ جدھر نگاہ ڈالیں، اُدھر آپ کو ٹیکنالوجی کے شاہکار دکھائی دیں گے۔ ٹیکنالوجی آپ کے چاروں طرف موجود ہے اور آپ اس سے استفادہ کرتے ہیں۔ اگر آپ گھر ہی میں نظر دوڑائیں گے تو آپ کو ٹی وی، ریفریجریٹر، کمپیوٹر، ڈی وی ڈی، سی ڈی پلئیر، مائیکروویواون، گیزر، بلب، واشنگ مشین، استری اور نہ جانے کتنی ہی ایسی بہت سی چیزیں دکھائی دیں گی۔ ان چیزوں کے بغیر زندگی گزارنا، ناممکن نہیں تو مشکل ضرور ہوگیا ہے۔
ٹیکنالوجی کے جن شاہکاروں نے انسانی زندگی پر بہت زیادہ اثر ڈالا ہے اور ہمارے لیے بے پناہ آسانیاں پیدا کردی ہیں، ان میں سے ایک کو آپ"سیلولرفون"(CELLULAR PHONE) کے نام سے جانتے ہیں۔ اسے عام طور پر سیل فون یا موبائل فون بھی کہا جاتا ہے۔
سیل فون کیا ہے؟
سیل فون، ایک نہایت اہم اور کارآمد ڈیوائس(آلہ) ہے، جس سے آپ دنیا بھر میں کسی بھی شخص سے رابطے کے علاوہ اور بھی لاتعداد کام لے سکتے ہیں۔ اسے چونکہ آپ ہر وقت اپنے پاس رکھ سکتے ہیں اور کہیں بھی لے جاسکتے ہیں، اس لیے اس کو "پورٹیبل فون" سے تشبیہہ دی جاتی ہے لیکن بچو! درحقیقت"سیل فون" روایتی پورٹیبل ٹیلی فون سے کہیں زیادہ کارآمد اور کثیرالاستعمال ہے۔ یعنی آپ اس سے صرف لوگوں کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ ہی نہیں بلکہ اور بھی بے شمار کام لے سکتے ہیں، تاہم اس کا انحصار اس بات پر ہے کہ آپ کس ماڈل کا سیل فون استعمال کررہے ہیں۔ سیل فون کئی طرح کے کام انجام دے سکتا ہے۔ مثال کے طور پر یہ ای میلز اور ٹیکسٹ میسج بھیج سکتا اور وصول کرسکتا ہے، اس کے ذریع آپ انٹرنیٹ سرفنگ کرسکتے ہیں، تصاویر کھینچ سکتے ہیں، اپنی روز مرہ مصروفیات اور اہم ملاقاتوں کو ترتیب دے سکتے اور انہیں یاد رکھ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ سیل فون سے ٹی وی نشریات، گلوبل پوزیشننگ(دنیا میں کسی بھی جگہ کا نقشہ دیکھنے) اور انٹرنیٹ سے میوزک اور ویڈیو ڈاؤن لوڈنگ جیسے کام بہ آسانی لئے جاسکتے ہیں۔ آپ کے ذہن میں یقیناً یہ سوال پیدا ہورہا ہوگا کہ اتنی چھوٹی سی ڈیوائس اتنے سارے اور اہم کام آخر کس طرح کرتی ہے ؟ تو بچو! اس کا جواب یہ ہے کہ یہ سب اسی "ٹیکنالوجی" کا کمال ہے جس کا ذکر ہم اوپر کرچکے ہیں۔
واکی ٹاکی، یا:سی بی فون:(جس کے ذریعے ایک وقت میں صرف ایک ہی شخص بات کرسکتا ہے) اس کے برعکس، سیل فون میں دوطرفہ یکوئنسی کی صلاحیت ہوتی ہے۔ یہ ایک وقت میں سگنلز بھیج بھی سکتا ہے اور وصول بھی کرسکتا ہے۔ سیل فون کے اندر ایک مائیکرو پروسیسر لگا ہوتا ہے، بالکل اسی طرح جیسا کہ کمپیوٹر کے اندر ہوتا ہے۔ اسی وجہ سے سیل فون بھی بہت سے وہ کام کرتا ہے، جو صرف کمپیوٹر پر کئے جاسکتے ہیں۔
سیل فون کیسے کام کرتا ہے ؟
سیل فون، دراصل جدید طرز کے ریڈیو ہیں، جو مخصوص فریکوئنسی کی حامل ریڈیائی لہروں کے ذریعے کام کرتے ہیں۔ یہ ریڈیائی لہریں ان ٹاورز سے نشر ہوتی ہیں، جو آپ کو ہر جگہ لگے دکھائی دیتے ہیں۔ آپ کے گھر یا اسکول کے آس پاس بھی ایسا ٹاور ضرور نصب ہوگا۔ ان ٹاورز سے ٹرانسمٹ یا نشر ہونے والی ریڈیائی لہریں عموماً دس سے پندرہ کلومیٹر علاقے میں سیل فون پر وصول کی جاسکتی ہیں۔
ٹاورز عام طور پر فولاد(اسٹیل) سے بنے ہوتے ہیں اور ان کی اونچائی 20 فٹ سے لے کر سیکٹروں فٹ تک ہوسکتی ہے۔ بعض اوقات یہ ٹاورز(حفاظتی نقظہ نظر سے) دھوکا دینے کے لیے دوسری چیزوں کی شکل میں بھی تعمیر کیے جاتے ہیں، جیسے کہ فلیگ پولز، بیل ٹاورز، حتٰی کہ یہ درختوں کی شکل میں بھی بنائے جاسکتے ہیں۔ ٹاورز پر بہت سے اینٹینا اور ٹرانسمیٹر لگے ہوتے ہیں، جنہیں اکثر و بیشتر کئی کمپنیاں استعمال کرتی ہیں۔ اگر آپ اپنے سیل فون پر باتیں کرتے ہوئے ایک ٹاور کے علاقے سے باہر نکل جائیں تو پھر کسی خلل کے بغیر دوسرے قریب ترین ٹاور کے سگنل آپ کے فون پر آنا شروع ہوجاتے ہیں اور آپ کا رابطہ برقرار رہتا ہے۔
اسمارٹ فونز؟
بچو! امریکا میں 13 سال سے زائد عمر کے 22 کروڑ 30 لاکھ افراد سیل فون استعمال کرتے ہیں۔ ان میں سے 18 فیصد کے پاس بلیک بیری یا آئی فون جیسے"اسمارٹ فونز" ہیں جن کی مدد سے وہ نہ صرف فون کالز کرسکتے ہیں، بلکہ انٹرنیٹ تک رسائی بھی حاصل کرسکتے ہیں، وڈیو گیمز کھیل سکتے ہیں اور ہر وہ کام کرسکتے ہیں، جو کمپیوٹر پر ہوتا ہے۔

Posted on Mar 25, 2011