15 جون 2011
وقت اشاعت: 20:38
صدی کا طویل ترین چاند گرہن جاری
کراچی : پاکستان سمیت دنیا بھر میں رواں سال کا پہلا اور صدی کا طویل ترین چاند گرہن جاری ہے جو رات دس بجکر بیس منٹ سے شروع ہوا اور صبح چار بجے اختتام پذیر ہوگا۔
محکمہ موسمیات کے چیف محمد ریاض کے مطابق صدی کا طویل ترین چاند گرہن نارتھ امریکہ میں نہیں دیکھا جاسکے گا، کیونکہ اس وقت وہاں دن کا وقت ہوگا۔ چاند گرہن کو کا مشاہدہ کرنے کے لئے دنیا بھر میں خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ پاکستان میں سپارکو کے علاوہ محکمہ موسمیات، کراچی ایئر پورٹ کی مشاہدہ گاہ میں چاند گرہن کا مشاہدہ کیا جائے گا۔
اطلاعات کے مطابق جامعہ کراچی کی مشاہدہ گاہ میں بجلی کا کنکشن نہ ہونے کی وجہ سے چاند گرہن ریکارڈ نہیں کیا جاسکے گا۔ چیف میٹرولوسٹ محمدریاض کے مطابق پاکستان کے معیار ی وقت کے مطابق آج دس بجکر بیس منٹ سے سولہ جون کی صبح چاربجے تک چاند گرہن کو دورانیہ ہوگا جبکہ رات ایک بجکر تیرہ منٹ پر گرہن مکمل طور نظر آئے گا۔جامعہ کراچی شعبہ انسی ٹیوٹ آف اسپیس اینڈ پلانٹری آسٹرو فزکس کے ڈائیکٹر شاہد کے مطابق اگلا مکمل چاند گرہن دس دسمبر دو ہزار گیارہ میں دیکھا جائے گا۔