16 جون 2011
وقت اشاعت: 11:24
پاکستان 2050تک آبادی کے لحاظ سے پانچواں بڑا ملک بن جائے گا
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب کی مشیر برائے بہبود آبادی بیگم ذکیہ شاہنواز نے کہاہے کہ اگر پاکستان کی بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو نہ پایا گیا تو 2050تک دنیا کا پانچواں بڑی آبادی والا ملک بن جائے گا۔
محکمہ بہبود آبادی پنجاب کی ایک بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد سے آبادی میں 5گناء اضافہ ہو اہے ۔ آج اس کی آبادی جاپان ، نائیجیریا، روس اور بنگلہ دیش سے بھی زیادہ ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری آبادی کا پانچواں حصہ خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہا ہے اور ہر 20منٹ میں ایک عورت زچگی کی پیچیدگیوں کے باعث ہلاک ہو جاتی ہے۔
انہوں نے نقل مکانی، ناخواندگی، خاندان کی تعداد محدود رکھنے میں سماجی وثقافتی رکاوٹیں، قبل از وقت شادی اور لڑکے کی خواہش میں زیادہ بچوں کی پیدائش کو بڑھتی ہوئی آبادی کی سرفہرست وجوہات قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اور غیر سرکاری سطح پر تعاون سے ہم ان تمام مسائل پر قابو پاسکتے ہیں۔