7 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 8:38
اشفاق احمد کو ہم سے بچھڑے سات برس بیت گئے
معروف ادیب اور دانشور اشفاق احمد کو ہم سے بچھڑے آج سات برس بیت چکے ہیں ۔ اشفاق احمد کا شمار اردو افسانہ، ڈرامہ اور نثر نگاری کے میدان میں صف اول کے مصنفین میں ہوتا ہے۔ گڈریا کا یہ تخلیق کار جب ادبی سفر پر نکلا تو بابا صاحب جیسے کردار نے جنم لیا، یہی وہ دور تھا جب انھوں نے زندگی کو اپنے زاویئے سے دیکھنا شروع کیا۔
اشفاق احمد درس و تدریس کے شعبے سے وابستہ رہے اور علم کے کئی چراغ روشن کئے اردو اور پنجابی زبان کی خوبصورت آمیزش سے ایک ہی بولی میں داستان لکھی ۔ اردو ادب کی سرزمین میں رنگا رنگ پھول بوٹے اگانے والے اشفاق احمد جگر کی رسولی کے باعث سات ستمبر دوہزار چار کو داستان سرائے کو ویران کرکے عارضی سرائے سے ابدی منزل کی طرف روانہ ہوئے۔ آج وہ ہم میں نہیں مگر ان کی خوشبو دنیائے ادب کو یوں ہی معمور کرتی رہے گی۔