تازہ ترین سرخیاں
 دلچسپ خبریں 
15 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 16:12

برطانوی سائنسدانوں نےجھوٹ پکڑنےوالی جدید ترین مشین تیارکر لی

برطانوی سائنسدانوں نے جھوٹ پکڑنے والی ایک مشین تیار کر لی ہے جس میں جدید ترین ٹیکنالوجی کے تحت خفیہ کیمرے اور کمپیوٹر سافٹ ویئر کو استعمال کیا جائے گا۔ یہ مشین ایک نئی تکنیک کے تحت کام کرتے ہوئے انسانی ”ایکسپریشن“ اور خون کے بہاؤ میں معمولی سے معمولی تبدیلی کو واضح کر دے گی۔



”لائی ڈیٹیکٹرز ٹیسٹ“ نامی تکنیک کے تحت نئی مشین ہونٹ چبانے، ہونٹوں پر زبان پھیرنے، ناک کو سکیڑنے، ناک پر پسینہ آنے، آنکھیں جھپکنے سمیت درجنوں دیگر اندرونی اور بیرونی حرکات کو نوٹ کرے گی۔ اس کے علاوہ ایک تھرمل امیج کیمرہ آنکھوں کے اندر خون کے بہاؤ کو بھی مانیٹر کرے گا۔



مستقبل میں یہ نظام پولیس اور سرحدوں پر متعین سیکورٹی اہلکاروں کے زیراستعمال ہوگا جس سے وہ دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد سے تفتیش کر سکیں گے۔ خفیہ کیمرے 3 میٹر دور نصب ہوں گے اور دوران تفتیش مجرموں کو علم نہیں ہوگا کہ وہ اس ٹیسٹ سے گذر رہے ہیں۔



برطانوی ماہرین نے کہا ہے کہ جلد ہی اس تکنیک کا استعمال برطانوی ایئرپورٹس پر کیا جائے گا اور اس کے استعمال سے اخذ شدہ نتائج سے استفادہ کرنے کا ابھی تک فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ اس ٹیسٹ کو ”پولی گراف“ کا نام دیا جائے گا جو مطلوبہ فرد کی نبض کی رفتار، فشار خون، دل کی دھڑکن، سانس کی رفتار اور جلد کے نیچے الیکٹرانز کی سرگرمیوں کو مکمل مانیٹر کرے گا۔



پروفیسر حسن اوجیل کی سربراہی میں یہ ٹیسٹ یونیورسٹی آف بریڈفورڈ کی ٹیم نے وضع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کی تیاری کا مقصد ایک خالص ٹیکنالوجی کو وضع کرنا ہے جو جھوٹ کو پکڑنے میں سکہ بند ہو۔ پولی گراف 21 ویں صدی کی شاندار ٹیکنالوجی کہلائے گی۔ رواں ہفتے اس ٹیکنالوجی کا مظاہرہ ”برٹش فیسٹیول آف سائنس“ میں کیا جائے گا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.