7 اگست 2013
وقت اشاعت: 15:19
ڈینگی کے سر اٹھاتے ہی محکمہ صحت پنجاب کی تیاریوں کا پول کھل گیا
لاہور … لاہور سمیت پنجاب بھر میں ڈینگی وائرس کے سراٹھاتے ہی محکمہ صحت کی تیاریوں کا پول بھی کھل گیا، لاروا تلف کرنیوالی ادویات کی مقدار کم ہے، تو اسپرے مشینیں خراب، صوبائی وزیر صحت کہتے ہیں کہ ڈینگی پھیلنے سے روکنے کیلئے بخار میں مبتلا افراد دوسرے شہروں کا سفر نہ کریں۔ گزشتہ سال ڈینگی کیسز کم سامنے آئے تو محکمہ صحت پنجاب کو ملی شاباش، مگراس سال شایدمحکمہ سست پڑگیا۔ محکمے کے ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ڈینگی لاروا تلف کرنے والی ادویات کی مقدار کم ہے ،36 اضلاع میں کئی اسپرے مشینیں بھی خراب ہیں۔ ڈینگی کنٹرول پروگرام کے انچارج نے ای ڈی اوز کو ادویات کے حصول اور اسپرے مشینوں کے نوزلز ٹھیک کرانے کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے خراب مشینوں کی فہرست بھی طلب کرلی۔ ایڈیشنل سیکریٹری صحت بابرحیات تارڑ کا کہنا ہے کہ ڈینگی سے متعلقہ ادویات کی کمی نہیں، پرانی مشینیں ٹھیک کرا کر قابل استعمال بنالی جائیں گی جبکہ نئی مشینیں بھی دی جارہی ہیں۔ صوبائی وزیر صحت طاہر خلیل سندھو نے ڈینگی اسٹاف کی عید کی چھٹیاں منسوخ کردیں اور شہریوں سے اپیل کی کہ ڈینگی پھیلاوٴ روکنے کیلئے بخار میں مبتلا افراد دوسرے شہروں کا سفر نہ کریں۔ دوسری جانب حافظ آباد کے رہائشی 25 سالہ علی رضا میں ڈینگی وائرس کی تصدیق کے بعد صوبے میں ڈینگی کے کنفرم مریضوں کی تعداد 20 ہوگئی، ان میں سے 18 مریضوں کا تعلق لاہور اور فیصل آبادسے ہے۔