27 نومبر 2013
وقت اشاعت: 6:59
نزلہ اور زکام دوسری کئی بیماریوں کا باعث ہوسکتا ہے
کراچی …سردی میں بچے اور بڑے اکثر نزلہ و زکام کا شکار ہو جاتے ہیں۔اس کا مناسب علاج نہ کیا جائے تو اس سے کئی دوسری بیماریاں بھی جنم لے لیتی ہیں۔ نزلہ زکام یا فلو اکثرو بیشتر موسم بدلتے ہی حملہ آور ہوتا ہے اور اس سے مشکل ہی سے کوئی بچ پاتا ہے۔ جب انسانی جسم موسمی تبدیلی کو قبول نہ کر پاتا تو اس کے نتیجے میں بعض اوقات موسمی زکام کا شکار ہو جاتا ہے۔یہ ایک وائرل مرض ہے جو ایک فرد سے دوسرے کو منتقل ہو سکتا ہے۔اس کی علامات میں بخار ، کھانسی اور سر درد شامل ہے۔طبی ماہرین کے مطابق اگر نزلے کا بر وقت اور مناسب علاج نہ کیا جائے تو یہ کئی اور بیماریوں کی وجہ بن جاتا ہے، جس میں نمونیا اور ڈی ہائیڈریشن شامل ہیں۔ ڈاکٹرکہتے ہیں کہ احتیاط اور کچھ پرہیز کرکے نزلہ و زکام سمیت کئی دیگر موسمی اور وبائی بیماریوں سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔