26 جنوری 2014
وقت اشاعت: 17:59
غلط آپریشن،اسپتال پر جرمانہ،سرجن کے سرکاری واجبات لڑکی کو دینے کا حکم
فیصل آباد… پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے طالبہ کا غلط آپریشن کر کے اسے زندگی بھر کے لئے معذور کرنے والے ڈاکٹر کی تمام پنشن اور سرکاری واجبات طالبہ کو ادا کرنے اور پی ایم اینڈ ڈی سی کو سرجن کی رکنیت فوری منسوخ کرنے کا حکم دیا ہے۔زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی طالبہ مریم سجاد ایک سال پہلے پسلی کی تکلیف کی شکایت لے کر الائیڈ اسپتال آئی تھی۔مریم کو آرتھوپیڈک وارڈ میں داخل کیا گیا،جہاں آرتھوپیڈک سرجن ڈاکٹر رسول چوہدری نے غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پسلی کے بجائے ریڑھ کی ہڈی کا آپریشن کردیا، اور مریم زندگی بھر کے لئے بستر سے جالگی۔والدین نے ڈاکٹر کے خلاف پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن میں درخواست دے دی، انکوائری ہوئی تو ڈاکٹر رسول چوہدری قصور وار ثابت ہوئے، ان کی غفلت اور نااہلی سے ایک طالبہ زندگی بھر کے لئے معذور ہوگئی۔پی ایچ سی سی نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کو حکم دیا کہ ڈاکٹر رسول چوہدری کی ممبر شب منسوخ کردے، ڈاکٹر رسول چوہدری کی پنشن اور سرکاری واجبات متاثرہ لڑکی کو ادا کرنے کے علاوہ الائیڈ اسپتال پر بھی ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا،اس کے ساتھ حکومت پنجاب سے کہا ہے کہ متاثرہ طالبہ کو فوری طور پر مفت علاج کی سہولتیں فراہم کی جائیں۔کمیشن نے ڈاکٹر رسول چوہدری کا کیس مزید کاروائی کے لیے حکومت پنجاب کو بجھوا دیا ہے۔