14 فروری 2014
وقت اشاعت: 6:42
علی ظفر کی رومانٹک کامیڈی فلم کے گانے" پلٹ میری جان" کی ویڈیو جا ری
ممبئی…اپنی پہلی فلم تیرے بن لادن کی کامیابی کے بعد شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے پاکستانی پاپ گلوکار،ماڈل و اداکار علی ظفرکی چوتھی بالی ووڈ فلم "ٹوٹل سیاپا" کے ٹائٹل سونگ کے بعد نئے رومانوی گانے کی ویڈیو جاری کر دی گئی ہے جوکہ آج کے دن ویلنٹائن ڈے کی مناسبت سے مداحوں کیلئے ایک تحفہ ہے۔ " پلٹ میری جان" کے بو لوں پر مبنی اس ٹائٹل سونگ کو علی ظفرہی کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا ہے جس میں وہ اپنی فلم کی ہیروئن یامی گوتم کو پھولوں کا گلدستہ دے کر اپنے پیار کا اظہار کرتے نظر آرہے ہیں۔ ہدایتکار ایشور نواس کی اس فلم میں علی ظفر کیساتھ یامی گوتم بطور ہیروئن جلوہ گر ہورہی ہیں جبکہ فلم کے دیگر اہم کرداروں میں انوپم اور بیگم کرن کھیر شامل ہیں جو پہلی بارایک دوسرے کے مدِ مقابل آرہے ہیں۔رائٹر و پروڈیوسر نیرج پانڈے کی اس فلم کی کہانی پاکستانی راک اسٹارامن(علی ظفر)اور لندن میں رہائش پذیر بھارتی لڑکی آشا(یامی گوتم)کے گرد گھومتی ہے جو ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہوجاتے ہیں جسکے بعد امن کو آشا کے والدین کی جانب سے شدید مخالفت اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔پاکستان اور بھارت کے درمیان امن کی آشا کے پیغام کو فروغ دیتی اس فلم کے گانے لکھنے سے لیکراسکی موسیقی تک خود فلم کے ہیرو اور پاپ اسٹار علی ظفر نے ترتیب دی ہے۔رومانس اور کامیڈی سے بھرپور یہ فلم"ٹوٹل سیاپا" 7مارچ کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔