30 اپریل 2014
وقت اشاعت: 2:21
وزیر ستان اور بنوں سے ایک ہی روز میں پولیو کے پانچ کیسز سامنے آگئے
بنوں…وزیر ستان اور بنوں سے ایک ہی روز میں پولیو کے پانچ کیسز سامنے آگئے جس کے بعد ملک میں پولیو کیسز کی تعداد 58 ہوگئی ہے۔ ادھر عالمی ادارہ صحت کی کمیٹی میں پولیو پر رپورٹ پیش ہونے کے بعد پاکستان پر سفری پابندیاں عائد کیے جانے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ قومی ادارہ صحت کے مطابق شمالی و زیر ستان سے پولیو کے تین، جنوبی وزیر ستان سے ایک اور بنوں سے بھی ایک کیس سامنے آیا،تمام کیسز بچوں میں سامنے آئے اور قومی ادارہ صحت نے ان میں وائرس کی موجودگی کی تصدیق بھی کردی۔ دوسری جانب عالمی ادارہ صحت کے تحت کام کرنے والی بین الاقوامی صحت کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان میں پولیو کی صورت حال پر رپورٹ پیش کر دی گئی،جس کے بعد پاکستان پر سفری پابندیاں عائد کیے جانے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ جنیوا میں ہونے والے اجلاس میں پاکستان میں پولیو کی صورت حال پر رپورٹ انسداد پولیو مہم کی فوکل پرسن عائشہ رضا نے پیش کی۔ جیونیوز سے گفتگو میں عائشہ رضا نے بتایا کہ پاکستان میں معیشت اور سیکیورٹی کی خراب صورت حال کے باوجود انسداد پولیو مہم بھرپور طریقے سے چلائی جارہی ہیں۔ عائشہ رضا نے امید ظاہر کی ہے کہ بین الاقوامی برادری پاکستان کے مسائل کو سمجھتے ہوئے سفری پابندیاں عائد نہیں کرے گی اور اگر ایسا ہوا بھی تو عارضی طور پر ہوگا۔