2 مئی 2014
وقت اشاعت: 21:9
جیو نیوز کی نشان دہی پر وزیر اعظم کا معصوم حاجرہ کا علاج کروانے کا اعلان
کراچی…جیو نیوز نے دس سال کی بچی حاجرہ کی مہلک بیماری سے متعلق گزشتہ سال رپورٹ نشر کی،جس پر ارباب اقتدار نے نوٹس لیا لیکن عملی طور پر کچھ نہ ہوسکا تو جیونیوز کی ایک بار پھر نشاندہی پر وزیراعظم نے حاجرہ کیمیکل علاج کا اعلان کیا ہے۔ حاجرہ پیدا ہوئی تو اس کی غذا کی نالی ہی نہیں تھی، پیٹ سے منسلک نلکی سے خوراک دی جاتی رہی ہے، ڈاکٹرز نے آپریشن تشخیص کیا لیکن غربت کے مارے ما ں باپ در در مارے مارے پھرتے رہے۔ جیونیوز نے حاجرہ کی مہلک بیماری سے متعلق گزشتہ سال خبر چلائی تو اعلانات ہوئے،علاج کے لیے وعدے کیے گئے لیکن عملی طور پر کچھ نہ ہوسکا اورحاجرہ کے لیے کھانا کھانا ایک امتحان بنا رہا۔ جیونیوز نے انسانی خدمت کے مشن سے ہار نہ مانی اورمعصوم زندگی کے علاج کی ایک بار پھر آواز بلند کی تو وزیراعظم ہاوٴس سے لبیک کی صدا آئی اور وزیراعظم نواز شریف نے ننھی حاجرہ کے مکمل علاج کا اعلان کیا،شاید یہ اثر تھا معصوم بچی کی آنکھوں میں امید اور اس کی ماں کی دعاوٴں کا۔