6 مئی 2014
وقت اشاعت: 6:39
گرمی بڑھتے ہی پشاور میں پولیو وائرس کے پھر متحرک ہونے کا خدشہ
پشاور…گرمی کا موسم اپنے ساتھ کئی مسائل لاتا ہے، انہی میں سے ایک یہ خطرہ بھی ہے کہ پولیو وائرس اس موسم میں زیادہ متحرک ہو جاتا ہے۔گرمی کی آمد کے ساتھ ہی اس سے متعلق بہت سارے مسائل نے سراٹھانا شروع کردیا ہے۔ پشاورمیں بھی ماہرین صحت اس بات کا خدشہ ظاہرکرتے ہیں کہ گرمی کی یہ لہرپولیو کے وائرس کوبھی شاید نئی زندگی دینے کا باعث بنے۔خیبرپختونخوا میں حکومت کے تمام تردعووٴں کے باوجود ابھی تک پولیو کے وائرس کا خاتمہ نہیں ہوسکا۔طبی ماہرین کہتے ہیں کہ اس وائرس کی خطرناک شکل پی ون اب بھی بچوں کونقصان پہنچانے کے لئے پوری طرح متحرک ہے جوایک سے دوسرے بچے میں آسانی سے منتقل ہوجاتا ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے پشاور کوپولیو وائرس کے حوالے سے ایک تباہ کن ماخذقراردیا تھا اورکہا تھا کہ یہاں سے نکلنے والا جراثیم پوری دنیا کے بچوں کے لئے نقصان دہ ہوسکتا ہے۔ پشاورمیں پولیو کے وائرس کی موجودگی کی بڑی وجوہات میں یہاں پرپولیوٹیموں پرہونے والے جان لیوا حملے بھی رہے ہیں اور اس جراثیم کے خاتمے کے صوبائی حکومت کے اعلانات کے باوجوداب بھی اس شہرکی گندی نالیوں میں یہ جراثیم متحرک ہے۔