28 جون 2014
وقت اشاعت: 5:57
فاٹا اور خیبرپختون خوا میں پولیو کے چار نئے کیسز سامنے آگئے
پشاور...... فاٹا اور خیبرپختون خوا میں پولیو کے چار نئے کیسز سامنے آئے ہیں، کراچی میں بھی ایک سال کے بچے میں پولیو وائرس پایا گیا ہے۔ قومی ادارہ صحت کے مطابق شمالی وزیرستان میں 28 ماہ کی بچی جان نور ، پشاور تخت آباد میں 4 ماہ کی طوبہ ، مردان میں عبدالرحمان اور بنوں میں 10 ماہ کے فرید اللہ میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے ۔ کراچی کے علاقے لانڈھی میں بھی ایک سال کے بچے مراد خان میں پولیو وائرس پایا گیا ہے۔ متاثرہ بچوں کے والدین نے انہیں پولیو سے بچائوکے قطرے پلانے سے انکار کیا تھا۔ رواں سال فاٹا میں منظر عام پر آنے والے پولیو کے کیسز کی تعداد 66 ہوگئی ہے۔ ان میں سب سے زیادہ 55 مریضوں کا تعلق شمالی وزیرستان سے ہے۔ خیبر پختونخوا میں پولیو کیسز کی تعداد پندرہ ہوگئی ہے جن میں پانچ کا تعلق پشاور ، 9 کا بنوں اور ایک مریض کا تعلق مردان سے ہے۔