19 جولائی 2014
وقت اشاعت: 3:14
سندھ کے وزیر صحت اورسیکریٹری صحت میں اختلافات شدید
کراچی..... سندھ کے وزیر صحت اور سیکریٹری صحت میں اختلافات شدت اختیار کر گئے۔ وزیر صحت ڈاکٹر صغیر احمد نے خط لکھ کر وزیر اعلیٰ سے سیکریٹری صحت کی شکایت کرڈالی۔ وزیر صحت سندھ ڈاکٹر صغیر احمد نے وزیر علیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ سیکریٹری صحت اقبال درانی من پسند افراد کی وزارت میں تقرریاں کر رہے ہیں اور ان سے منظوری لئے بغیر تقرریوں کی سمریاں اور دیگر دستاویزات دستخط کے لئے وزیر اعلیٰ کو بھجوا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اقبال درانی نے محکمہ صحت کو2 حصوں میںتقسیم کرنےکے معاملے پر بھی متعلقہ وزیر سےمشاورت نہیں کی۔ڈاکٹر صغیر احمد کا موقف تھا کہ سیکریٹری صحت اقبال درانی ناقص کارگردگی کے باوجود تاحال اعلیٰ عہدے پر تعینات ہیں۔ یاد رہے کہ اقبال درانی وزیر اعلٰی سندھ سید قائم علی شاہ کے داماد ہیں۔ وزیر صحت اور سیکریٹری صحت کے مابین گزشتہ کئی ہفتوں سے اختلافات کی خبریں سامنے آ رہی تھیں۔ گزشتہ روز سیکریٹری ہیلتھ اقبال درانی کی جانب سے بیان سامنے آیا تھا کہ وہ ایک سرکاری ملازم ہیں اور کوئی وزیر انہیں عہدے سے نہیں ہٹا سکتا۔