25 اگست 2014
وقت اشاعت: 19:16
لیڈی ہیلتھ ورکرز ایسوسی ایشن کا انسداد پو لیو مہم کے بائیکاٹ کا اعلان
پشاور...... لیڈی ہیلتھ ورکرز ایسوسی ایشن نے تنخواہیں نہ ملنے پر انسداد پو لیو مہم کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔ ایل ایچ ڈبلیوز کی ہڑتال کے باعث پشاور سمیت چار اضلاع میں انسداد پولیو مہم شروع نہیں کی جاسکی۔ محکمہ صحت حکام کے مطابق خیبر پختونخوا کے 12 اضلاع بنوں، چارسدہ، ڈی آئی خان، لوئردیر، ہنگو، کرک، کوہاٹ، لکی مروت، مردان، پشاور اور ٹانک میں تین روزہ انسداد پو لیو مہم آج سے شروع ہو نی تھی۔ مہم کے دوران 28 لاکھ سے زیادہ بچوں کو پو لیو ویکسین پلا نے کا ہدف مقرر کیا گیا تھاتاہم پشاور، چارسدہ ، مردان اور ملاکنڈ میں لیڈی ہیلتھ ورکرز ایسوسی ایشن نےپولیو مہم کا با ئیکاٹ کردیا۔لیڈی ہیلتھ ورکرز ایسوسی ایشن کے مطابق سپریم کورٹ نے ان کی ملازمت مستقل کرنے کا حکم دیا تھا لیکن طویل عرصہ گزرنے کے باوجودخیبر پختو نخوا حکومت نے اس حوالے سے کوئی مثبت قدم نہیں اٹھایا جبکہ آٹھ ماہ سے انہیں تنخواہیں بھی نہیں ملیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کو ان کے مسائل اور مشکلات کا احساس نہیں۔اس وجہ سے ایسوسی ایشن نے نہ صرف پولیو مہم کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے بلکہ وہ دیگر سرکاری فرائض بھی اسوقت تک انجام نہیں دیں گی جب تک ان کے مطالبات پورے نہیں کئے جاتے۔