18 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 1:1
کراچی:فائرنگ کے مختلف واقعات میں خاتون سمیت7افراد ہلاک
اے آر وائی - کراچی میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں خاتون سمیت سات افراد زندگی کی بازی ہار گئے،سچل ،پریڈی اورنارتھ ناظم آباد میں مبینہ پولیس مقابلے میں تین ڈاکو مارے گئے۔
کراچی میں گولیوں کی ترتراہٹ آج بھی سنائی دیتی رہی۔ ملیر کھوکھر اپار میں واقع گورنمنٹ ڈگری کالج کے قریب فائرنگ سے زیرینہ نامی خاتون جاں بحق ہوگئی،سچل تھانے کی حدود سکندرگوٹھ میں سیاسی جماعت کے دفتر پرفائرنگ سے تنویر نامی شخص جاں بحق اور مجاہد زخمی ہوا۔فائرنگ کے واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
لانڈھی فیوچر موڑ کے قریب چائے کے ہوٹل پر فائرنگ سے پینتیس سالہ نامعلوم شخص جاں بحق ہوگیا۔ سہراب گوٹھ تھانے کی حدود احسن آباد میں ڈکیتی مزاحمت کے دوران فائرنگ سے عمر فاروق نامی شخص زندگی کی بازی ہار گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول ڈبلیو ایچ او کے ڈاکٹرز کے ساتھ پولیو مہم میں رضاکارانہ طور پر کام کر رہا تھا۔
ترجمان عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہےکہ مقتول عمرفاروق پختون اسٹوڈنٹ فیڈریشن سندھ کے صوبائی ڈپٹی سیکریٹری جنرل تھے۔اورنگی ٹاون نمبر پانچ پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے علی رضا کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور فائرنگ کے واقعہ میں فرحان اور جاوید نامی دو افراد بھی زخمی ہوئے واقعے میں جان بحق ہونے والے نوجوان کے لواحقین نے جائے وقوعہ پر احتجاج کیا اور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ۔ تھانہ پاک کالونی کی حدود سے بھی ایک شخص کی لاش ملی جسے فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا ۔ شیر شاہ کے لنڈا بازار میں فائرنگ سے آغا رشیدنامی شخص جان سے گیا۔
نارتھ ناظم آباد میں تھانہ تیموریہ کی حدود میں لوٹ مار میں مصروف دو ڈاکووں کو پولیس نے پکڑنے کی کوشش کرتے ہوئے پیچھا کیا تو ملزمان نے فائرنگ کردی پولیس اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے ایک ڈاکو مارا گیا جبکہ اس کا ساتھی زخمی حالت میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ سچل کی حدود المسلم سوسائٹی میں واقع ایک گھر میں چار ڈاکو گھس گئے پولیس کو اطلا ع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور فائرنگ کے تبادلے میں نصرت علی نامی ڈاکو مارا گیاجبکہ ساتھی فرار ہوگئے،پریڈی کے علاقے الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر شہریوں سے لوٹ مار کرنے والے ڈاکووں کو پولیس نے دیکھ لیاڈاکووں نے پولیس کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ کردی جوابی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا۔