18 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 14:2
کراچی:پولیو ورکرز کا قتل، مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن
اے آر وائی - پولیو ورکرز کے بہیمانہ قتل کے بعد کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس کا سرچ اور ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہے۔ سرچ آپریشن میں پولیس کمانڈوز اور بکتر بند بھی استعمال کی جارہی ہیں۔ کراچی میں صبح ہونے والی دہشت گردی نے پولیس کوچوکنا کردیا۔
قائد آباد کے علاقے گلشنِ بونیر میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران دس سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا۔ گلشن بونیر میں ہونے والے سرچ آپریشن میں پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ پولیس کمانڈوز نے بھی شرکت کی، جبکہ علاقے کے داخلی و خارجی راستوں پر بکتر بند کے ذریعے ناکے بھی لگائے گئے۔
دوسرا سرچ آپریشن بلدیہ کے علاقے محمد خان کالونی میں ہوا،آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی لی گئی، تاہم کسی کی گرفتاری کی اطلاع نہیں ملی۔ منگھوپیر کے علاقے کنواری کالونی میں پولیس نے ٹارگٹڈ آپریشن کیا، پولیس کو علاقے میں جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی تھی، آج کی جانے والی پولیس کارروائیوں میں پولیس کو اب تک کسی مزاحمت کا سامنا نہیں کرنا پڑا ۔