19 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 15:22
سندھ اسمبلی: نصرت سحرکو قائد حزب اختلاف بنانے کی درخواست
اے آر وائی - سندھ اسمبلی مین مسلم لیگ فنکشنل کی خاتون رکن نصرت سحر عباسی کو قائد حزب اختلاف بنانے کی درخواست جمع کرادی گئی ہے۔ نصرت سحر اپوزیشن لیڈر بن گئی تو سندھ اسمبلی میں نئی تاریخ رقم ہوگی۔
برصغیر میں سندھ اسمبلی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ یہاں پاکستان کے حق میں قرارداد منظور ہوئی اور اسی آئین ساز اسمبلی میں پاکستان کے سبز حلالی پرچم کی رونمائی ہوئی تھی۔ مسلم لیگ فنکشنل کی خاتون رکن سندھ اسمبلی نصرت سحر عباسی کو اپوزیشن جماعتوں نے قائد حزب اختلاف نامزد کیا ہے۔
قائد حزب اختلاف کی مقرری کیلئے سندھ اسمبلی کے دس ارکان کی درخواست اسپیکر نثار احمد کھوڑو کے پاس جمع کرائی گئی ہے۔ درخواست پر دستخط کرنے والوں میں مسلم لیگ فنکشنل، این پی پی مسلم لیگ ق اور اے این پی کے ارکان کے دستخط موجود ہیں۔
اٹھارویں ترمیم کے بعد نگران حکومت کے قیام میں اپوزیشن لیڈر کی مشاورت بھی شامل ہے، البتہ ہم خیال گروپ کے پانچ ارکان سابق وزیراعلیٰ ارباب غلام رحیم کو لیڈر آف اپوزیشن بنانے کیلئے درخواست جمع کرائی تھی جو مسترد ہوگئی تھی۔