21 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 13:23
حیدرآباد:قتل اورگاڑیاں چھیننے کے الزام میں تین ملزمان گرفتار
اے آر وائی - حیدرآباد پولیس نے قتل، بھتہ خوری اور گاڑیاں چھیننے کی وارداتوں میں ملوث گروہ کے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایس پی آفس حیدرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایس پی ہیڈکواٹر امجد شیخ نے بتایا کہ ضلع حیدرآباد میں جرائم کی سنگین وارداتوں میں ملوث بین الصوبائی گروہ سے تعلق رکھنے والے تین ملزمان ملزمان امتیاز لاشاری، سعید گبول اور شعیب گبول کو گرفتار کرلیا ہے جنہوں نے دوران تفتیش اعتراف کیا ہے کہ وہ قتل سمیت بھتہ خوری، گاڑیاں چھیننے اور کرائے پر کاریں لے کر ڈرائیورز کو قتل کرتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ملزمان کرائے کے قاتل ہیں جو پیسے کے عیوض قتل جیسے گھناؤنے جرم میں ملوث ہیں جن سے مزید تفتیش کی جارہی ہے اور گروہ کے دیگر ارکان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ ایس پی امجد شیخ کا کہنا تھا کہ پولیس کی نفری کم ہونے کے باعث اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کیلئے مشکلات کا سامنا ہے۔ ضلع حیدرآباد میں 3 ہزار پولیس اہلکار ہیں جن میں سے 18 سو اہلکار مختلف سرکاری دفاتر، بینکوں، کورٹس، ججز اور وی وی آئی پیز کی سیکیورٹی پر معمور ہیں۔