21 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 17:23
کراچی:ایمپریس مارکیٹ میں فائرنگ، دو افراد جاں بحق
اے آر وائی - کراچی کے علاقے صدر ایمپریس مارکیٹ میں فائرنگ کے واقعہ میں سیاسی جماعت کے کارکن سمیت دو افراد جاں بحق جبکہ دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، مشتعل افراد کی ہوائی فائرنگ اور دو موٹر سائیکلوں کو بھی آگ لگا دی گئی ۔
پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ایمپریس مارکیٹ کے قریب پیش آیا جہاں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے دو افراد کو قتل کردیا جن میں ایک کی شناخت رمضان کاکڑ کے نام سے ہوئی ہے۔ زخمی میں اے ایس آئی محمد قاسم اور کانسٹیبل طارق بھی شامل ہیں جنہیں طبی امداد کیلئے سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ واقعہ کے بعد ایمپریس مارکیٹ صدر میں شدید فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا جس کے بعد مشتعل افراد نے دو موٹرسائیکل بھی نذرآتش کردیا۔
فائرنگ کے بعد صدر ، الیکٹرانکس مارکیٹ ، موبائل مارکیٹ سمیت تمام کاروباری تجارتی مراکز بند ہوگئے۔ جاں بحق ہونیوالے افراد کی میت جب جناح اسپتال پہنچی تو مشتعل افراد نے وہاں بھی ہنگامہ آرائی کردی اوروہاں فائرنگ کے واقعہ میں مزید ایک شخص زخمی ہوگیا۔ واقعہ کے بعد جناح اسپتال کی سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے ۔