26 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 12:50
کریمنل جسٹس سسٹم میں ترامیم کی ضرورت ہے، رانا ثناء اللہ
اے آر وائی - صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ کریمنل جسٹس سسٹم میں ترامیم کی ضرورت ہے۔ ناقص کریمنل سسٹم کیوجہ سے مناواں پولیس ٹریننگ سینٹر حملے میں ملوث ملزمان کو بری کردیا گیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب حکومت اور لاہور پولیس کی جانب سے شہداء پولیس کو خراج تحسین پیش کرنے کی تقریب عوام دوست پولیس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر قانون رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پولیس کو اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانے کے لیے عوامی تائید کی ضرورت ہے عوام کی حمایت کے بغیر پولیس معاشرے میں امن قائم نہیں کرسکتی۔ کریمنل جسٹس سسٹم میں نقائص کیوجہ سے مناواں ٹریننگ سینٹر پر حملے کا ملزم ہجرت اللہ بری کردیاگیا جبکہ ملزم سے ہینڈ گرینڈ برآمد ہوئے اور رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ کریمنل جسٹس سسٹم میں ترامیم صوبائی حکومت نہیں کرسکتی پارلیمنٹ اس سسٹم میں ترامیم کا اختیار رکھی ہے۔ تقریب میں دوران ڈیوٹی شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے ورثاء میں نقد انعامات تقسیم کیے گئے ۔۔ جبکہ بہترین کارکردگی دکھانے والے پولیس افسران اور رپورٹنگ کرنے والے صحافیوں کو میڈلز پہنائے گئے۔