28 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 9:38
بابرہ شریف کے گھر کے آگے تجاوزات سے متعلق درخواست کی سماعت
اے آر وائی - لاہورہائی کورٹ نے اداکارہ بابرا شریف کے گھر کے باہر ایل ڈی اے کو تجاوزات کیخلاف آپریشن کرنے سے روکنے کی درخواست نمٹا دی۔ جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔بابرا شریف کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ ایل ڈی اے گلبرگ میں واقع ان کے گھر کے کھلے حصے کو تجاوزات کے نام پر گرانے کے لیے آپریشن کر رہا ہے جبکہ یہ جگہ ان کے گھر کا حصہ ہے لہذا ایل ڈی اے کو ایسا کرنے سے روکا جائے۔
ایل ڈی اے کے وکیل نے دلائل دئیے کہ بابرا شریف کے گھر کے باہر ناجائز تجاوزات قائم ہیں جن کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جا رہی ہے۔عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد درخواست نمٹاتے ہوئے حکم دیا کہ اگر ناجائز تجاوزات قائم ہیں تو بابرا شریف خود ختم کردیں ورنہ ایل ڈی اے کارروائی کر سکتی ہے۔