29 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 6:46
مزید پانچ بچے خسرہ میں مبتلا ہوکر دم توڑ گئے
اے آر وائی - کشموراور گھوٹکی میں مزید پانچ بچے خسرہ میں مبتلا ہو کردم توڑگئے ، متاثرہ علاقوں میں اب تک طبی کیمپ نہیں لگایا گیا ،چارسدہ میں بھی دو بچے بیماری کا شکار بن کرچل بسے۔
سندھ کے مختلف علاقو ں میں خسرہ کی وباء پھیل گئی، جس کا ننھی کلیاں نشانہ بن رہی ہیں ، کشمور ، سکھر ، گھوٹکی اور تھر میں بیسیوں بچے خسرہ کے مرض میں مبتلا ہوگئے ، کشمور کے علاقے پنجوانی ، غوث پور اور تیگوانی کے دو دیہاتوں میں مزید چار بچے دم توڑ گئے ، ضلع میں رواں ماہ جاں بحق بچوں کی تعداد ستر ہوگئی ہے ، اہل علاقہ پریشان ہیں ، انتظامیہ نے چپ سادھ لی ہے۔
گھوٹکی کے علاقے میر پور ماتھیلو میں بھی تین سالہ ننھی کلی خسرہ میں مبتلا ہو کر چل بسی ، ضلع میں تین ننھی کلیاں دم توڑ چکی ہیں ، سکھرکے اسپتالوں میں بیماری میں مبتلا بچے لائے جارہے ہیں ، محکمہ صحت سندھ نے بچوں کے علا ج معالجے کی خصوصی ہدایات دی ہیں ، لیکن متاثرہ علاقوں میں اب تک طبی کیمپ نہیں لگائے گئے۔
خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ میں بھی دو چچازار بہن بھائی خسرہ میں مبتلا ہوکر دم توڑ گئے ، متاثرہ علاقوں سے مزید تین بچے اسپتال میں لائے گئے ہیں ،جن کی حالت تشویش نا ک بتائی جاتی ہے۔