2 جنوری 2013
وقت اشاعت: 1:7
پر تشدد واقعات:پولیس اہلکار اور خاتون سمیت9افراد جاں بحق
اے آر وائی - نیا سال بھی کراچی کے شہریوں کے لئے کوئی اچھی خبر نہ لا سکا اور شہر میں ہونے والی ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ دوہزار تیرہ کے پہلے دن بھی فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں پولیس اہلکار اور خاتون سمیت نو افراد جاں بحق ہو گئے۔
کراچی میں نئے سال کے پہلے دن دہشتگردوں نے سائیٹ ایریا میں پولیس اہلکار فیض احمد کو نشانہ بنایا۔ خاموش کالونی میں موٹر سائیکل سواروں نے گاڑی پر فائرنگ کرکے رزاق کو قتل کردیا۔ مقتول پولیس اہلکار کا بھائی ہے۔ سہراب گوٹھ میں نعمت اللہ کو ابدی نیند سلا دیا گیا۔ پرانا گولیمار کے قریب عمران نامی نوجوان جان بحق ہوا۔ راشد مہناس روڈ پر جوہر موڑکے قریب فائرنگ سے نجی کمپنی کا سیکیورٹی گارڈ ریاض جان بحق ہوا۔ تھانہ شیر شاہ اورتھانہ کلری کی حدود سے دو افراد کی تشدد ذدہ لاشیں ملیں ۔
پاک کالونی میوہ شاہ قبرستان کے قریب سے بھی نوجوان کی لاش ملی ہیں۔ مقتولین کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔ جام گوٹھ میں رضیہ خاتون کی لاش ملی ہے۔ مقتولہ کئی دنوں سے لاپتہ تھی۔ جسکی گمشدگی کی رپورٹ تھانہ کھوکھراپار میں درج ہے۔ سال نو کی خوشی میں شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کی زد میں آکر خواتین اور بچوں سمیت چھبیس افراد زخمی ہوگئے۔