5 جنوری 2013
وقت اشاعت: 15:49
کراچی:فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں سات افراد جاں بحق
اے آر وائی - کراچی میں فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں دوسگے بھائیوں سمیت سات افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، گزشتہ روز میٹروول میں ہونے والے دھماکے کی بم ڈسپوزل اسکواڈ نے رپورٹ جاری کردی ، دھماکہ ریموٹ کنٹرول بم سے کیا گیا تھا ۔
پولیس کے مطابق کورنگی بلال کالونی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو سگے بھائی عرفان اور صفدر جاں بحق ہوگئے ۔ ناگن چورنگی، نارتھ کراچی سیکٹر الیون سی کے قریب نامعلوم افراد نے پنکچر کی دکان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو سگے بھائی شہزاد اور ارشاد شدید زخمی ہوگئے جن میں شہزاد اسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑ گیا ۔
نیوکراچی فائیو جے میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ دوسرا شخص شدید زخمی ہوگیا ، زخمی شخص کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ بھی دوران علاج دم توڑ گیا۔ مقتولین کی شناخت پچیس سالہ عبد الرزاق اور چالیس سالہ محمد علی کے نام سے ہوئی ہے۔ سائٹ کے علاقے ولیکا اسپتال کے قریب بھی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ساٹھ سالہ شخص کو قتل کردیا۔ رات گئے سپر ہائی وے پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔
گزشتہ روز سائٹ کے علاقے میٹروول میں سیاسی جماعت کے دفتر کے باہر ہونے والے دھماکے کی بم ڈسپوزل اسکواڈ نے تحقیقاتی رپورٹ جاری کردی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دھماکہ دو سے تین کلو وزنی دیسی ساختہ ریموٹ کنٹرول بم کے زریعے کیا گیا۔ بم میں بال بیرنگ کا استعمال نہیں کیا گیا تھا جس کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں زمین میں دو فٹ گہرا گڑھا ہوگیا تھا ۔