7 جنوری 2013
وقت اشاعت: 6:4
کراچی:دہشت گردوںکی فائرنگ سے باپ اور2سالہ بچی جاں بحق
اے آر وائی - کراچی میں سفاک قاتلوں کی موت اگلتی گولیوں نے معصوم بچوں کے کومل جسموں کو بھی ہدف بنانا شروع کر دیا، عائشہ منزل کے قریب فائرنگ سے دو سال کی بچی باپ سمیت جاں بحق ہو گئی، جبکہ دوسری بچی اور اس کی ماں زخمی ہوگئی۔
کراچی میں عائشہ منزل کے قریب موٹرسائیکل سوار دہشت گردوں کی فائرنگ سے دو سال کی معصوم بچی اپنے باپ سمیت موت کی تاریکیوں میں اتر گئی۔ فائرنگ کے نتیجے میں کار قریبی کھمبے سے جا ٹکرائی اور گاڑی میں سوار چالیس سالہ مقامی تاجر مولانا اصغر اور ان کی دو سالہ بیٹی زینب جاں بحق ہو گئے ۔جبکہ آٹھ سالہ بیٹی دعا زخمی ہو گئی۔ کھمبے سے ٹکرانے کے باعث کار کا اگلا حصہ تباہ ہو گیا۔
ایس ایس پی گلبرگ عامر فاروقی نے بتایا کہ گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ ہے واقعے کی تفتیش کی جاری ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطا ف حسین نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے شہر میں فرقہ وارانہ فسادات کی سازش قرار دیا، اُنہوں جامعہ بنوریہ کے مہتمم مفتی نعیم سے فون پر تعزیت بھی کی ۔ متحدہ کی رابطہ کمیٹی نے بھی واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔