7 جنوری 2013
وقت اشاعت: 13:13
بیرونی ایجنڈا لیکر آنے والے جمہوریت ختم کرنا چاہتے ہیں،شہباز
اے آر وائی - وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ بیرونی ایجنڈا لانے والے زر بابا چالیس چوروں سے نجات کے لیے ہمارا ساتھ دیتے تو بہتر ہوتا۔ پنجاب یونیورسٹی لا کالج کے طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ امپورٹڈ ایجنڈا لیکر آنے والے اس وقت کہاں تھے جب کرپشن کے سیلاب میں پاکستان کی کشتی ڈوب رہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ یورپ کی ٹھنڈی ہواؤں میں سالوں رہنے والوں کو اب پاکستان کا خیال کیوں آیا ہے۔ شہبازشریف نےکہا کہ بیرونی ایجنڈا لیکر آنے والے پاکستان میں جمہوریت ختم کرنا چاہتے ہیں تاہم ایسا نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری خرچ پر پیناڈال نہ لینے کا دعوی کرنے والے قوم کو بے وقوف نہیں بنا سکتے۔
انہوں نے کہا کہ میں کینسر کا مریض ہوں اور چیک اپ پر لاکھوں روپ خرچ آتا ہے لیکن آج تک سرکاری خزانے سے علاج کے لیے ایک روپیہ نہیں لیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کا ممبر ہوں لیکن تنخواہ نہیں لیتا،اپنی تنخواہ ٹرسٹ اسپتالوں کو عطیہ کرتا ہوں۔