9 جنوری 2013
وقت اشاعت: 7:56
فیصل آباد،پلازہ میں آتشزدگی،3افراد جھلس گئے،دو دکانیں تباہ
اے آر وائی - فیصل آباد کے پوش کاروباری مرکز ڈی گراؤنڈ میں واقع شاپنگ پلازہ میں لگنے والی آگ سے تین افراد بری طرح جھلس گئے جبکہ دو دکانیں جل کر راکھ ہوگئیں۔
صبح ساڑھے آٹھ بجے شاپنگ پلازہ میں شارٹ سرکٹ کے باعث بیس منٹ کی ایک دکان میں آگ لگ گئی ۔ جس کے باعث دو دکانیں مکمل طور پر جل گئیں ۔ آگ سے جھلس جانے والے افراد میں ایک سیکیورٹی گارڈ بھی شامل ہیں ۔ جنہیں ریسکیو عملے نے الائیڈ ہسپتال منتقل کردیا ہے۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے دو زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے اور اِن کے جسم کا اسی فیصد سے زائد حصہ جھلس گیا ہے۔ ریسکیو عملے نے نصف گھنٹے کی کارروائی کے بعد آگ پر قابو پا لیا ۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے دھماکے کے بعد دکان میں آگ لگی اور پھر ہر طرف دھواں پھیل گیا۔