تازہ ترین سرخیاں
 شہر شہر کی خبر 
9 جنوری 2013
وقت اشاعت: 18:5

کراچی:فائرنگ کے واقعات میں چار افراد جاں بحق

اے آر وائی - کراچی میں فائرنگ کے تازہ واقعات میں جماعت اسلامی کے سابق یوسی ناظم حکیم محمود برکاتی اور ایم کیو ایم کے کارکن حیدر علی سمیت چار افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا ۔ پولیس نے منگھوپیر میں مقابلے کے بعد دو ملزم گرفتار کر لئے۔ کراچی میں بد امنی کی لہر تھم نہ سکی۔ جوہرآباد میں فائرنگ سے حکیم محمود برکاتی جان کی بازی ہار گئے۔



پولیس کے مطابق مقتول سابق یوسی ناظم تھے۔ نارتھ کراچی سیکٹرالیون اے میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے علی حیدر نامی شخص کو موت کے گھاٹ اتاردیا۔ کھارادر میں دو گروپوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا،، جس کے باعث علاقہ گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے گونج اٹھا۔ واقعے سے مکینوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ گھروں میں محصور ہوکررہ گئے۔ فائرنگ کی زد میں آکر ایک راہ گیر تیس سالہ اشرف زخمی ہوگیا۔



ادھر ماڑی پور مچھرکالونی میں رینجرز نے راتے سیل کر کے ٹارگٹڈ آپریشن کیا۔ کارروائی جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔ دوسری جانب پیر کی شب منگھوپیر تھانے پر حملہ کرنے والے ملزمان کی اطلاع پر پولیس نے نادرن بائی پاس کے قریب چھاپہ مارا جس پر ملزمان نے فائرنگ کردی جوابی فائرنگ کے بعد دو ملزمان گرفتار کر لئے گئے جبکہ ان کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.