9 جنوری 2013
وقت اشاعت: 21:5
جڑانوالہ:تین بچےپراسراربیماری سے معذوری کاشکار
اے آر وائی - تحصیل جڑانوالہ کے چک نمبر اٹھائیس کے رہائشی شفقت علی کے تین بچے پراسرار بیماری سے معذور ی کا شکار ہوگئے۔ بے بس والدین انکے علاج معالجے کے لئے کسی مسیحا کے منتظر ہیں۔
حیات کا ہر لمحہ اذیت سے چور ہے، امید کا دامن نظروں سے دور ہے۔۔۔روز و شب مزدوری میں گزرتے ہیں۔۔جڑانوالہ کے چک ایک سو اٹھائیس کا رہائشی شفقت علی سائیکل پر پھیری لگاکرردی خرید کر گھر کے چولہے کی آگ جلا پاتا ہےوہ بھی صرف ایک بار۔ آزمائش کی بیڑیوں میں اسکے کمسن تین بچوں کی زندگیاں بھی قید ہوگئیں ۔
دس سالہ سمیر، گیارہ سالہ حبا اور دو سالہ عروج پر اسرار بیماری سے معذور ہوگئے۔ ممتا نم آنکھوں سے بے بسی کا اظہار کرتی ہےکہ اب تو علاج معالجے کے لئے گھر کا سب کچھ ہی بک چکا ہے۔ تنگ دستی اور فاقہ کشی نے پر اسرار بیماری کے ہمراہ گھر میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔ معذور بچے بھوکے سو جاتے ہیں لیکن اف نہیں کرتے۔
بے بس والدین آنکھوں میںمدد کی امید لئیے دربدر پھر رہے ہیں کہ انکی اولاد کی سانسوں کو ذندہ رکھنے کے لئے کوئی وسیلہ بن جائے۔ کسی کوتو انکے درد کا، انکے کرب کا مداوا ہوجائے۔