10 جنوری 2013
وقت اشاعت: 6:57
ینگ ڈاکٹرزکو ہڑتال کی اجازت نہیں دے سکتے،لاہورہائیکورٹ
اے آر وائی - لاہور ہائی کورٹ نے قرار دیا ہے کہ ینگ ڈاکٹروں کی ہڑتال سے انسانی جانوں کے ضیاع کا خطرہ ہے لہذا اس کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
جسٹس اعجازالاحسن نے کیس کی سماعت کی ۔درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ ینگ ڈاکٹروں نے دس جنوری کو ایک بار پھر ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ ینگ ڈاکٹروں کے اس طرز عمل سے مریضوں کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہے جبکہ ہڑتال پی ایم ڈی سی کے قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔
درخواست گزار کے مطابق ڈاکٹروں نے ہڑتال کر کے سپریم کورٹ اور لاہور ہائی کورٹ کے احکامات کی بھی خلاف ورزی کی ہے لہذا عدالت کارروائی کرنے کےا حکامات جاری کرے ۔عدالت نے درخواست پر ہائی کورٹ آفس کا اعتراض ختم کرتے ہوئے سماعت جمعے تک کے لئے ملتوی کر دی ۔عدالت نے قرار دیا کہ انسانی جانوں کا معاملہ ہے ہڑتال کی اجازت نہیں دی جاسکتی عدالت کل ہی تمام فریقین کو طلب کر کے معاملہ حل کروائے گی۔