11 جنوری 2013
وقت اشاعت: 11:16
کراچی میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں تین افراد جاں بحق
اے آر وائی - کراچی میں مذہبی رہنما کی گاڑی پر مسلح موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک ہلاک جبکہ چار افراد شدید زخمی ہوگئے۔ جبکہ لائنز ایریا اور سرجانی میں میں فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہوئے۔
پولیس کے مطابق گلشن اقبال حسن اسکوائرکے قریب نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے جمعیت علمائے اسلام (س)کے مولانا حماد راشدی کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے اُن کے بھائی اور دو محافظ سمیت پانچ افراد شدید زخمی ہوگئے جن میں سے ایک زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔ مولانا حماد راشدی فائرنگ کے واقعے میں محفوظ رہے۔ فائرنگ کی زد میں آکر اسکول وین کا ڈرائیور بھی زخمی ہوا۔
لائنز ایریا ٹیکنیکل کالج کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی اندھا دھند فائرنگ سے سولہ سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا۔مقتول کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔ سرجانی کے علاقے خدا کی بستی میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوا ۔ گلشن معمار سے ایک شخص کی پھندا لگی لاش ملی ہے۔