17 جنوری 2013
وقت اشاعت: 5:12
شاہ زیب قتل کیس : ملزم شاہ رخ جتوئی پاکستان پہنچ گئے
اے آر وائی - شاہ زیب قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی کو دبئی سے گرفتار کرکے پاکستان پہنچا دیا گیا۔ شاہ رخ جتوئی کو ایئر پورٹ سے بکتر بند گاڑی کے ذریعے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
کراچی میں شاہ زیب خان قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی کو نجی ایئر لائن کے ذریعے کراچی لایا گیا جہاں انہیں اولڈ ٹرمینل سے بکتر بند گاڑی میں بٹھا کر پولیس کے حوالے کر دیاگیا ۔یس ایس پی نیاز کھوسو نے بتایا کہ شاہ زیب خان قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی کو ایئر پورٹ سے گارڈن ہیڈ کواٹر منتقل کیا گیا ہے جہاں ملزم سے تفتیش کی جائیگی۔
تین روز قبل شاہ رخ جتوئی نے اپنے آپ کو پاکستانی سفارتخانے کے حوالے کر دیا تھا۔واضح رہے کہ اس سے قبل پولیس مرکزی ملزم سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرچکی ہے۔