17 جنوری 2013
وقت اشاعت: 13:44
ینگ ڈاکٹرز ایسو سی ایشن کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر
اے آر وائی - ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ہے۔ درخواست جوڈیشل ایکٹو ازم کی جانب سے دائر کی گئی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہےکہ سپریم کورٹ اور لاہور ہائی کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود ینگ ڈاکٹرز نے ہڑتال شروع کر رکھی ہے جبکہ اس حوالے سے ینگ ڈاکٹرز نے عدالت میں یقین دھانی کروائی تھی کہ وہ آئندہ ہڑتال نہیں کریں گے اور اگر کوئی مسئلہ درپیش آیا تو وہ عدالت سے رجوع کریں گے۔
تاہم اب ڈاکٹر عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہڑتال کر رہے ہیں جس سے نہ صرف مریض شدید مشکلات کا شکار ہیں بلکہ عدالتی احکامات کی بھی خلاف ورزی ہو رہی ہےلہذا عدالت ینگ ڈاکٹرز کے خلاف کارروائی کرے۔