18 جنوری 2013
وقت اشاعت: 10:33
فیصل آباد اور ساہیوال میں گھروں کے چولہے ٹھنڈے
اے آر وائی - سندھ بھر میں گیس کی قلت کے سبب سی این جی اسٹیشنز دو دن کے لئے بند ہیں تو فیصل آباد اور ساہیوال میں گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہونے پر خواتین سڑکوں پر نکل آئیں۔ پنجاب میں گیس کا بحران جاری ہے۔ فیصل آباد میں گھروں میں گیس نہیں آ رہی۔ مشتعل خواتین سڑکوں پر نکل آئیں اور شیخوپورہ روڈ بلاک کر دی۔
ساہیوال میں بھی حالات مختلف نہیں۔ گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہونے پر لوگ مشتعل ہو کر سڑکوں پر نکل آئے۔ پنجاب میں چوبیس دن کی بندش کے بعد صرف ایک دن کیلئے سی این جی اسٹیشن کھولے گئے۔
اس دوران فلنگ اسٹیشنز پر میلوں دور تک گاڑیوں کی قطاریں لگی رہیں۔ پنجاب میں سی ا ین جی اسٹیشنز ایک بار پھر غیر معینہ مدت تک کیلئے بند کر دیے گئے ہیں۔
کراچی میں بھی جمعہ کی صبح سے اڑتالیس گھنٹوں کیلئے سی این جی اسٹیشن بند کردئیے گئے ہیں۔ کراچی میں جمعرات کو ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی کے قتل پر سہ پہر سے ہی حالات کشیدہ ہو گئے۔ پیٹرول اور سی این جی پمپ بند کر دئیے گئے۔ شہریوں کو گیس کی سرکاری بندش سے پہلے گاڑی فل کرانے کا موقع ہی نہیں مل سکا۔