18 جنوری 2013
وقت اشاعت: 12:16
منظر امام کا قتل: اندرون سندھ یوم سوگ، زندگی مفلوج رہی
اے آر وائی - ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی منظر امام کی شہادت پر اندرون سندھ بھی سوگ منایا گیا۔ چھوٹے بڑے شہروں میں کاروبار زندگی معطل رہا اور واقعے کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ ایم پی اے منظر امام کی محافظوں سمیت شہادت پر ایم کیو ایم کی اپیل پر اندرون سندھ بھی یوم سوگ منایا گیا۔
حیدر آباد میں کاروبار اور ٹرانسپورٹ مکمل بند رہے، مشتعل افراد نے شہر کے مختلف علاقوں میں ٹائر جلا کر سڑکیں بلاک کردیں۔ لیاقت کالونی اور گرونگر چوک پر نامعلوم افراد نے دوگاڑیوں کو آگ لگادی۔ میرپورخاص، ٹنڈوالہ یار اور گردونواح میں شٹر ڈاون ہڑتال کی گئی جس کے باعث چھوٹے بڑے تمام تجارتی مراکز بند رہے۔ جامشورو، کو ٹری اور گرد نواح کے علاقوں میں کاروبار مکمل طور پر بند رہا۔،
سندھ یونیورسٹی، مہران یونیورسٹی اور لیاقت میڈیکل یونیورسٹی کے ہونے والے امتحانات ملتوی کردیئے گئے۔ مٹیاری ، ہالا، بھٹ شاہ ،نیو سعید آباد کے بیشتر علاقوں میں بھی کاروباری مراکز بند رہے۔ نوابشاہ میں تاجر تنظیموں کی جانب سے ایم کیو ایم کے سوگ کے موقع پر کاروبار بند رکھا گیا۔ سانگھڑ ، ٹنڈوآدم ،کھپرو اور شہدادپور میں بھی شٹر ڈاوٴن ہڑتال کی گئی۔ عمرکوٹ ڈھورونارو شہر میں بھی کاروبار زندگی مفلوج رہا۔