18 جنوری 2013
وقت اشاعت: 13:14
منظر امام آہوں اور سسکیوں میں شہداء قبرستان میں سپرد خاک
اے آر وائی - ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی منظر امام کو آہوں اور سسکیوں میں شہداء قبرستان یاسین آباد میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ رضا ہارون کہتے ہیں کہ اگر اختلافات بھلا کر متحد نہ ہوئے تو ملک پر دہشت گرد قابض ہو جاہیں گے، جنازے میں شریک دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے منظر امام کے قتل کو ملک دشمنوں کی کارروائی قرار دیا۔ ایم پی اے کے قتل پر ایم کیو ایم کے پر امن یوم سوگ کے موقع پر کاروباری مراکز ، تعلیمی ادارے بند اور پبلک ٹرانسپورٹ غائب رہی ۔
اورنگی ٹاؤن میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے جاں بحق ایم پی اے منظر امام کی میت آخری دیدار کے بعد گھر سے آخری آرام گاہ کے لیے روانہ ہوئی تو ہر آنکھ اشک بار ،فضا سوگوار تھی۔منظر امام اور ان کے محافظوں کی اجتماعی نمازجنازہ جناح گراؤنڈ میں اداکی گئی۔ جنازے میں عوام و کارکنان ، اراکین رابطہ کمیٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں پیپلز پارٹی،اے این پی ، مسلم لیگ ن کے وفد نے شرکت کی۔
ایم کیو ایم منظر امام اور ان کے محافظوں کی شہادت کے سانحے پر تین روزہ سوگ منا رہی ہے۔ سوگ کے موقع پر تنظیمی سرگرمیاں معطل اور کارکنان بازئوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر پر امن احتجاج کرتے رہے۔ سوگ کے موقع پر شہرمیں کوئی نا خوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ تمام تعلیمی ادارے، کاروباری مراکز اور پیٹرول پمپس بھی بند اور سڑکوں پر ٹریفک معمول سے انتہائی کم رہی۔