19 جنوری 2013
وقت اشاعت: 10:54
اسلام آباد سےاغوا ہونےوالےتاجرکی لاش ملنے پر ورثا کا احتجاج
اے آر وائی - اسلام آباد سے بیوی بچوں سمیت اغوا ہونے والے تاجر کی لاش کوٹ ادو سے برآمد ہوئی ۔ لواحقین نے میت کو قبرستان کے باہررکھ کے بروقت کاروائی نہ کرنے پر پولیس کے خلاف احتجاج کیا ۔ تاجر کے بیوی بچے تاحال لاپتہ ہیں۔
راولپنڈی کے علاقے ہزارہ کالونی کے رہائشی تاجر کوثر نیازی کو تیرہ جنوری کوبیوی دو بیٹوں اور ایک بیٹی سمیت اسلام آباد کے تھانے ترنول کی حدود سےاغواکیا گیا ۔گزشتہ روز تاجر کی لاش کوٹ ادو سے برآمد ہوئی ۔ پولیس نے تاجر کے اغوا کی رپورٹ درج نہیں کی تھی۔ تاجر کوثر نیازی کی لاش ملنے پر لواحقین نے راولپنڈی میں پیر ودائی قبرستان کے باہر میت رکھ کر دھرنا دیا اور پولیس کے خلاف احتجاج کیا۔
ان کا کہنا تھا مقتول تاجر کے بیوی بچے بازیاب کرائے جائیں اور اسلام آباد پولیس کے خلاف کارروائی کی جائے۔ احتجاج سے ٹریفک جام اور روڈ بلاک ہوگیا۔ ورثا نے تاجر پیر کوثر کے قتل پر چیف جسٹس افتخار چودہری سے اسلام آباد پولیس کے خلاف کاروائی کرنے اور انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔