20 جنوری 2013
وقت اشاعت: 16:12
کراچی:دہشت گردی سوئچ آن ہوگیا،سات افراد جاں بحق
اے آر وائی - کراچی میں اچانک دہشت گردی سوئچ آن ہو گیا۔ اتوار کی شام صرف چار گھنٹوں کے دوران سات افراد کو قتل کر دیا گیا۔ کراچی میں خونریزی جاری ہے۔ دہشت گرد جب اور جہاں چاہتے ہیں لوگوں کو قتل کر رہے ہیں ۔
پیر آبادکے علاقے بنارس پل کے نیچے فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد لقمہ اجل بن گئے۔ بفرزون سیکٹر پندرہ اے فور میں مسلح موٹرسائیکل سواروں نے نوجوان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں فرحان شدید زخمی ہوگیا جو دو ران علاج چل بسا۔
اورنگی ٹاؤن میں ڈبہ موڑ کے قریب گھات لگائے دہشت گردوں نے ثاقب کو فائرنگ کر کے قتل کردیا ۔ فائرنگ کی زد میں آ کر دو خواتین بھی زخمی ہوئیں۔ ترجمان اہلسنت کے مطابق جاں بحق نوجوان ان کا کارکن تھا۔ ملیر میمن گوٹھ کے قریب فائرنگ سے جاوید جاں بحق ہوا۔ کورنگی میں ڈی گیارہ کے اسٹاپ کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زندگی کی بازی ہار گیا ۔