23 جنوری 2013
وقت اشاعت: 12:13
نعرے لگانے سے تبدیلی نہیں آئے گی،شہباز شریف
اے آر وائی - وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہاہے کہ حسینیت اور یزدیت کا نعرہ لگا کر، صدر اور وزیراعظم کو سابق کہنے یا گیارہ بجے اسمبلیاں تحلیل کرنے سے تبدیلی نہیں آئے گی، علی بابا چالیس چور کی نشاندہی سب سے پہلے انہوں نے ہی کی تھی۔
لاہور میں ڈینگی کے خاتمے کی کامیاب مہم کے حوالے سے تقریب میں خطاب کرتے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت کرپشن، اقربا پروری، بیڈ گورننس، خراب لاء اینڈ آرڈر جیسے ڈینگی کی زد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہاتھ میں کشکول ہم سب نے خود دیا ہے، بھوک میں انا دکھانے سے ترقی کا سفر طے نہیں ہوسکتا۔ پاکستان کو اقبال و قائد کا پاکستان بنانے کیلئے کرپشن اور بدعنوانی جیسے ڈینگی سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا۔