28 جنوری 2013
وقت اشاعت: 14:42
افروز فارما کے مالکان کی عبوری ضمانت منسوخ
اے آر وائی - لاہور سیشن کورٹ نے افروز فارما کے مالک نادر خان فیروز اور شکیل ناگر کی عبوری ضمانتیں منسوخ کردیں۔
سیشن جج لاہور نذیر احمد گنجانہ نے کیس کی سماعت کی، سماعت کے موقع پر نادر خان اور شکیل ناگر پیش نہ ہوئے۔ ملزمان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ 24 جنوری کو دونوں افراد کی سیشن کورٹ سے عبوری ضمانت منظور ہوئی مگر پولیس نے انہیں اغواء کرلیا اور تاحال اُن کا کوئی پتا نہیں چل سکا، ملزمان کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ عبوری ضمانت میں مزید توسیع کی جائے۔
سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ نادر خان اور شکیل کو پولیس نے گرفتار نہیں کیا اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی ثبوت موجود ہے لہذا ضمانت منسوخ کی جائے، عدالت نے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد دونوں ملزمان کی عبوری ضمانتیں منسوخ کردی۔ پولیس نے پی آئی سی ادویات ری ایکشن سکینڈل میں دونوں ملزمان سمیت متعدد افراد کے خلاف مقدمہ درج کررکھا ہے۔