تازہ ترین سرخیاں
 شہر شہر کی خبر 
28 جنوری 2013
وقت اشاعت: 15:51

کراچی: فائرنگ کے تازہ واقعات میں سات افراد ہلاک

اے آر وائی - کراچی میں قتل و غارت گری کا سلسلہ تھم نہ سکا۔ فائرنگ کے تازہ واقعات میں مزید سات افراد جان کی بازی ہارگئے۔نوجوان کی ہلاکت کے خلا ف سہراب گوٹھ پراحتجاج کیا گیا۔ مشتعل افراد نے موبائل سمیت دو گاڑیاں ، چارموٹر سائیکلیں اور پولیس چوکی نذر آتش کردی۔



کراچی میں امن خواب بن کر رہ گیا، قاتلوں نے مزید کئی گھرانوں کے چراغ گُل کردیئے، سہراب گوٹھ کوئٹہ ٹاؤن میں دوران ڈکیتی ملزمان نے فائرنگ کرکےمحمد حسین کوقتل کردیا۔ واقعے کے خلاف لواحقین نےسہراب گوٹھ پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مشتعل افراد نے ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے موبائل سمیت دو گاڑیاں چارموٹر سائیکلیں اور پولیس چوکی نذر آتش کردی۔



مظاہرین نے مطالبہ کیا قاتل فوری گرفتار کئے جائیں۔ عوامی کالونی سنگر چورنگی کے قریب نامعلوم افراد کی دکان پر فائرنگ سے مولانا خالد سعید جاں بحق ہوئے۔ ترجمان اہلسنت والجماعت کے مطابق مقتول ان کی جماعت کا ہمدرد تھا۔



کشمیر روڈ پر فائرنگ سے کامران اور ریاض لقمہ اجل بنے اور فرحان زخمی ہوگیا۔ نیوکراچی سیکٹر الیون جے میں فائرنگ سے گھر کے باہر کھڑا خالد جان سے ہاتھ دھو بیٹھا اور ڈھائی سالہ حماد زخمی ہوا ترجمان سنی تحریک کے مطابق مقتول اُن کا کارکن ہے۔ ایک شخص گلشن اقبال سمامہ شاپنگ سینٹر کے قریب نشانہ بنا۔ گرومندر میں فائرنگ سے زخمی ہونیوالا نامعلوم شخص بھی دوران علاج اسپتال میں چل بسا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.